انتظامیہ کی لاپرواہی سے منگوٹہ پنچایت گھر میں نجی سکول قائم  | پنچایتی اراکین کے پاس جگہ دستیاب نہیں ،انتظامیہ خاموش

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے پنچایت گھر منگوٹہ میں ایک پرائیویٹ سکول قائم کیاگیا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا تھا کہ جتنے بھی پنچائیت گھر ہیں جن پر لوگوں نے ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے ان کو جلدازجلد محکمہ کے حوالے کیا جائے مگر بلاک تھنہ منڈی کے منگوٹہ گاؤں میں کھلے عام اس سرکاری حکمنامے کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ان

ہوں نے بتایا مذکورہ گائوں میں قائم کردہ پنچایت گھر میں ایک نجی سکول چلایا جا رہا ہیاور سر عام قوم کے نونہالوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کی جارہی ہے ۔ اتنا ہی نہیں اس سرکاری عمارت میں تعلیم کے نام پر ان بچوں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے لیکن کوئی پرسانِ حال نہیں۔ چنانچہ اس واقع کی اطلاع ملتے ہی جب میڈیا کی ٹیم وہاںپہنچی تو سکول کے اساتذہ نے بچوں کو پنچایت گھر سے بھگانے کی کوشش کی تاہم بھاگتے ہوئے معصوم بچوں کی تصاویر کیمرے کی آنکھ میں قید ہو گئیں جبکہ کئی سارے بچوں کے اسکول بیگ وہیں پڑے ہوئے تھے اوروہ بھاگ گئے تھے۔دوسری جانب مذکورہ پنچایت گھر میں نجی سکول قائم ہونے کی وجہ سے پنچایتی اراکین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔غور طلب ہے کہ پنچایتوں میں پلان و دیگر کاموں کے سلسلہ میں اجلاس بھی پنچایت گھروں میں منعقد ہوتے ہیں تاہم منگوٹہ پنچایت گھر میں نجی سکول قائم ہونے کی وجہ سے پنچایتی اراکین کا کام کاج بھی متاثر ہورہا ہے ۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے تحصیل و ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس پنچایت گھر کو فی الفور خالی کروانے کے انتظامات کرے تاکہ یہ سرکاری عمارت عوام اور پنچایتی اراکین کے کام آسکے ۔