امر ناتھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ شروع|2سال بعدپوترگھپا میں درشن کا آغاز لیفٹیننٹ گورنر نے پوجا سے ابتد کی، کہا یاترا محفوظ اور یادگار ہوگی،جموں سے 5700یاتریوں کا دوسرا قافلہ روانہ

عارف بلوچ +غلام نبی رینہ

 

اننت ناگ +سونہ مرگ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے 43دِنوں تک جاری رہنے والی امرناتھ یاتراکے شروعات کے موقعہ پر گھپا میں پوجاکی اور اَمن ، خوشی اور ترقی کے لئے دعا کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ شیو لنگ کا درشن کرنے کے لئے ملک بھر سے سفر کرنے والے عقیدت مندوں کی ایک محفوظ اور یاد گار یاترا ہوگی۔جموںوکشمیر یوٹی حکومت اور ایس اے ایس بی نے اِس برس یاتریوں کی بھاری آمد کی توقع کرتے ہوئے  یاترا کے لئے وسیع اِنتظامات کئے ہیں۔ عقیدت مندشرائین بورڈ کی ویب سائٹ یاشرائین بورڈ سے صبح اور شام کی آرتی کے براہِ راست ٹیلی کاسٹ سے پوتر گپھا میں پوتر برف کے لنگم کے’ ’درشن‘‘کرسکتے ہیں۔

 

پوجا میں شرائین بورڈ کے ممبران ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، سی اِی او شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ نتیشور کمار اور جی او سی 15کور لیفٹیننٹ جنرل اَمردیپ سنگھ اوجلا نے بھی شرکت کی۔ادھر سخت سیکورٹی کے بیچ جمعرات صبح چار بجے 2,750 یاتریوں کا ایک گروپ نون ون پہلگام بیس کیمپ سے گھپا کی طرف روانہ ہو گیا۔ یاترا کو ضلع ترقیاتی کمشنر  اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگھلا نے پہلگام سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ننون بیس کیمپ میں گذشتہ روز ہی یاتریوں کا پہلا قافلہ پہنچ چکا تھا۔ادھر بالتل سونہ مرگ میں یاتریوں کے پہلے قافلہ کو ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے جھنڈی دکھا کر گھپا کیلئے روانہ کیا ۔بالتل دومیل سے جمعرات کو 6823  افرادپر مشتمل  پہلے قافلہ میں5384 مرد، 1293خواتین،48 بچے،اور 98سادھوں شامل تھے۔ پہلے قافلہ کو صبح پانچ بجے گھپا کی جانب روانہ کیا گیا۔ یاتریوں کا کہنا تھا کہ دو سال کے وقفے کے بعد درشن کرنے کے لئے کافی خوش ہیں اور حکومت کی طرف سے یاترا کے تمام راستوں پر سیکورٹی کے علاوہ بہتر انتظامات کئے گئے ہیں اس دوران بالتل میںمقامی رضاکاروں نے پہلی بار فری لنگر قائم کیا ہے تاکہ یاتریوں کو کھانے پینے کی سہولیات فراہم جائیں۔

 

ادھر جموں سے 5,700 یاتریوں کی دوسری کھیپ یہاں سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان قافلے کے ساتھ روانہ ہوئی۔یاتری جمعرات کی صبح 230 گاڑیوں کے قافلے میں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوئے۔حکام نے بتایا کہ دوسری کھیپ کے ساتھ، جموں سے امرناتھ کے لیے روانہ ہونے والے یاتریوں کی کل تعداد 10,700 ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ امرناتھ کے لیے اپنے اگلے سفر کے لیے ملک بھر کے مختلف مقامات سے 5,000 سے 6,000 تازہ یاتری جموں پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین کانٹرز پر موقع پر رجسٹریشن اور دو کانٹرز پر ٹوکن کی فراہمی کے بعد، انہیں یہاں 32 قیام گاہوں اور بیس کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔

 

 

 ہیلی پیڈ ہمہامہ سے یاتریوں کی پہلی کھیپ روانہ

بڈگام// ڈپٹی کمشنربڈگام، شہباز احمد مرزا نے یاترا  کے پہلے کھیپ کو یاتریوں کے ہیلی پیڈ ہمہامہ سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر، ڈی سی نے یاتریوں کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ہیلی پیڈ ہمہامہ پر قائم تمام سہولیات کا معائنہ کیا۔ہیلی پیڈ پر یاتریوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ اس سال امرناتھ جی یاتریوں کیلئے سرینگر ہوائی اڈے سے گھپا تک براہ راست ہیلی کاپٹر سروس دستیاب کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام نوڈل افسروں کو ایئرپورٹ اور ہیلی پیڈ ہمہامہ پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ تفویض کردہ کام کو انجام دیں اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کریں۔ ڈی سی نے کہا کہ “کافی عملہ سرینگر ہوائی اڈے اور ہمہامہ کے ہیلی پیڈ پر مزید فرائض کے لیے نامزد اور تعینات کیا گیا ہے۔