امریکی پولیس کے ہاتھوںسیاہ فام شخص کاقتل

نیویارک //امریکی ریاست اوہائیو کے شہر اکرون میں سیاہ فام شہری کی 60 گولیاں لگی ہوئی لاش برآمد ہونے کے بعد جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری ٹریفک اسٹاپ سے بھاگتا ہے اور 8 پولیس اہلکار فائرنگ کر رہے ہیں۔ پولیس نے دوران پریس کانفرنس متعدد وڈیوز چلائیں جن میں سے ایک وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کار سے فائرنگ ہو رہی ہے اور وہ گاڑی 25 سالہ جے لینڈ واکر نامی شخص چلا رہا تھا۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے ان کو روکنے کی کوشش کی مگر وہ وہاں سے بھاگ گیا۔پولیس کی طرف سے کچھ وقت پیچھا کرنے کے بعد جے لینڈ واکر نے کار سے باہر چھلانگ لگائی اور پولیس کے گھیرے سے بھاگنے لگا۔پولیس کا کہنا تھا کہ وڈیو میں ایسا لگتا ہے کہ وہ پولیس کی طرف بھاگا جس پر پولیس نے سوچا کہ وہ مسلح ہو سکتا ہے اور بعدازاں اس کی گاڑی سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔جے لینڈ واکر کی فیملی کے وکیل بوبی ڈیسیلو نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ وہ پولیس کے اس الزام کے بارے میں بہت فکر مند ہیں کہ واکر نے اپنی کار سے افسران پر گولی چلائی تھی، ان کی پرتشدد موت کا کوئی جواز نہیں ہے۔وکیل نے کہا کہ پولیس واکر کو بندوق کے ساتھ ایک نقاب پوش مجرم میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔