امرناتھ یاترا|| چھڑی مبارک آج روانہ ہوگی جموں سے تازہ قافلوں کی آمد کا سلسلہ بند|| پہلگام میں 99اور اور بالتل میں234کی واپس روانگی آج

عارف بلوچ+غلام نبی رینہ

اننت ناگ +کنگن// لیفٹیننٹ گورنر موج سنہا کی جانب سے موسم کی خرابی اور مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر یاتریوں کو 5اگست تک یاترا مکمل کرنے کی اپیل کے بعد سنیچر 6اگست کویاتریوں کی تعداد میں کمی کے درمیان یاتریوں کا کوئی تازہ قافلہ ہفتہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے امرناتھ کیلئے نہیں نکلا۔ادھر پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق مہنت دیپندر گری چھڑی مبارک کو امرناتھ پر پوجا کرنے کیلئے لے جائیں گے اور 12 اگست کو شراون پورنیما کی صبح کو درشن کریں گے۔ چھڑی مبارک گھپاکے راستے میں7اور8 اگست کو ننون کیمپ پہلگام، 9 اگست کو چندن واری، 10 اگست کو شیش ناگ اور 11 اگست کو پنچترنی میں رکے گی۔اگلے دن شراون پورنیما کے موقعہ پر دعائیہ تقریب ہوگی جس کیساتھ ہی یاترا کا دورانیہ ختم ہوجائیگا۔یاد رہے کہ2 اگست کو لیفٹیننٹ گورنر نے امرناتھ یاتریوں سے اپنی یاترا مقررہ تاریخ سے قبل ہی مکمل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

 

۔3,880 میٹر اونچی گھپاکی 43 روزہ سالانہ یاترا 30 جون کو جڑواں راستوں پہلگام اور بالتل سے ایک ساتھ شروع ہوئی ہے۔یہ 11 اگست کو “رکشا بندھن” کے ساتھ “شراون پورنیما” کے موقع پر ختم ہونے والی ہے۔حکام نے بتایا، ’’امرناتھ یاتریوں کی کوئی تازہ کھیپ ہفتہ کو بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وادی کے لیے نہیں نکلی۔‘‘حکام نے بتایا کہ یاترا پر جانے کا ارادہ رکھنے والے عقیدت مندوں کی تعداد میں گھپا پر قدرتی طور پر بنے برف کے شیولنگ کے وقت سے پہلے پگھلنے کی وجہ سے ،گزشتہ ہفتے کے دوران کافی کمی دیکھی گئی ۔ملک بھر سے 3 لاکھ 9ہزار 672افراد نے ہفتے کی شام تک درشن کئے ہیں۔ ہفتے کو ہیلی کاپٹر سروس بھی بند رہی۔ حکام نے بتایا کہ ہفتے تک 62یاتری بالتل اور 172درشن کر کے واپس آئے اور سنیچر کی شام تک بالتل میں کل 234افراد موجود تھے۔پہلگام ننون کیمپ کے علاوہ شیش ناگ، پسو ٹاپ،زجی بل اور نگوٹی کے مقامات پر کل 99یاتری موجود ہیں جن میں 68مرد ، 13خواتین اور 18سادھو ہیں۔حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ امر ناتھ گھپا پر کوئی یاتری نہیں ہے، اور جو چند سو موجود تھے،وہ درشن کر کے واپس چلے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ آئندہ کئی روز تک بارشوں کا امکان ہے لہٰذا یاترا محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے اسی لئے یاتریوںسے درخواست کی گئی تھی کہ وہ5 اگست سے پہلے آ جائیں۔8 جولائی کو گھپا کے نزدیک بادل پھٹنے سے 15 یاتری ہلاک اور 55 زخمی ہوگئے تھے۔