امرناتھ گپھا تک زیر زمین تاریں بچھا کر بجلی بحال ۔ 478بجلی کے کھمبوں کے ساتھ ایل ای ڈی لائٹس بھی نصب

 

کنگن//غلام نبی رینہ//محکمہ بجلی نے پہلی بار بال تل سے امرناتھ گھپا تک 14کلو میٹر زیر زمین تاریں بچھا کر بجلی فراہم کردی ہے اور یہ کام اڑھائی ماہ کے دوران مکمل کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ اس سے قبل محکمہ بجلی یاترا کے دوران بال تل سے گھپا تک جنریٹروں کے ذریعے بجلی کی سپلائی کو فراہم کررہا تھا لیکن امسال پہلی بار بالتل سے امرناتھ گھپا کے 14کلو میٹر راستے تک 14کروڑ روپے کی لاگت سے انڈر گرونڈ بجلی کی لائنیں بچھا کر گپھا تک بجلی کی سپلائی کو بحال کردیا ہے۔ذرایع نے بتایا کہ اس سے قبل جب بھی یاترا شروع ہوتی تھی تو محکمہ بجلی کو بالتل کے مختلف راستوں تک جس میں امرناتھ گھپا، دومیل، ریل پھتری، براری مرگ اور دیگر مقامات پر جنریٹروں کو پہچانے میں کئی طرح کے دشواریاں پیش آنے کے علاوہ لاکھوں روپے خرچ ہوجاتے تھے اور امرناتھ یاترا اختتام پزیر ہونے کے بعد ان جنریٹروں کو واپس لانے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اس سال اب زیر زمین تاریں بچھا کر بجلی وہاں تک پہنچائی گئی ہے ۔

 

ذرائع نے بتایازیر زمین بجلی کی لائنیں بچھانے کا کام رواں سال اگست میں شروع کیا گیا تھا اور دسمبر میں ہلکی برف باری کی وجہ سے اس کام میں معمولی خلل پڑا ۔ رواں برس اس پر مئی میں دوبارہ کام شروع کیا گیا اور جون کے پہلے ہفتے میں اس پر کام مکمل کیا گیا اور 15جون کو آزمائشی طور پر بجلی کی سپلائی کو بحال کیا گیا تھا اور 20جون سے باظابطہ طور پر بجلی کی سپلائی کو بحال کیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ بالتل سے امرناتھ گھپا تک 478 بجلی کے کھمبے بھی نصب کئے گئے ہیں اور ہر ایک کھمبے پر ایک ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہے۔ محکمہ بجلی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ بالتل سے امرناتھ گھپا تک جو ایمر جنسی کیلئے جنریٹر دستیاب رکھے گئے ہیںوہ ڈیزل پر چلتے ہیں ان سے 378 میگاواٹ بجلی کی سپلائی فراہم ہورہی ہے کیونکہ اگر کبھی بجلی کی سپلائی متاثر ہوگی تو اس وقت ان جنریٹروں کا استعمال کیا جائے گا انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2023 میں ننون بیس کیمپ سے گھپا تک بھی انڈر گراونڈ بجلی کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں رہے ہیں اور گریز میں بھی انڈر گراونڈ بجلی لائن کے ذریعے بجلی کی سپلائی کو فراہم کیا جائے گا۔

 

یاتریوں کی صحت کا خیال 

 ڈائریکٹر ہیلتھ کی درخواست پر طبی پیشہ ور افراد کی تعیناتی 

نئی دہلی //صحت اور خاندانی بہبود اور کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کی ہدایات کے تحت امرناتھ جی یاترا کو ہموار کرنے کیلئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔ شری امرناتھ جی یاترا 30جون کو شروع ہوئی جو 11 اگست 2022 کو اختتام پذیر ہوگی۔تمام ریاستی حکومتوں کو طبی تیاری کے ساتھ ساتھ سپیشلسٹ ڈاکٹروں، جنرل ڈیوٹی میڈیکل آفیسرز (GDMOs) کی خدمات کے بارے میں بھی مطلع کیا گیا ہے تاکہ جموں و کشمیر حکومت کی کوششوں کو پورا کیا جا سکے خاص طور پر ان ریاستوں کی طرف سے جہاں سے بڑی تعداد میں یاتری آتے ہیں۔مرکزی حکومت نے کہا کہ طبی ہنگامی صورتحال کیلئے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس سمیت صحت کے پیشہ ور افراد کو مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔ طبی پیشہ ور افراد کو مرکزی حکومت کے اسپتالوں اور سی جی ایچ ایس سے تعینات کیا جا رہا ہے۔ حکومت جموں و کشمیر نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز (DHS کشمیر) کے ذریعے سنٹرل گورنمنٹ ہسپتالوں اور CGHS سے 155 طبی عملے (87 ڈاکٹرز، 68 پیرا میڈیکس) کی درخواست کی تھی۔ مجموعی طور پر 176 نامزدگیاں (115 ڈاکٹرز اور 61 پیرا میڈیکس) مرکزی حکومت کے ہسپتالوں اور CGHS سے موصول ہوئی ہیں۔ مزید تعیناتی کے لیے مکمل فہرست ڈی ایچ ایس کشمیر کو بھیج دی گئی ہے۔ 11 ریاستوں اور UTs سے طبی پیشہ ور افراد (ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس) کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ بالتال اور چندنواری میں انڈور سہولت کو بڑھانے کیلئے 50 بستروں پر مشتمل اسپتال بال تل اور چندواری میں ڈی آر ڈی او نے MoHFW کے ذریعہ فراہم کردہ فنڈز کے ذریعے قائم کئے ہیں

 

 

 

آل انڈیا ریڈیو کی بال تل بیس کیمپ سے نشریات شروع

سرینگر//آل انڈیا ریڈیو سرینگر نے آج سے امرناتھ یاترا کی خصوصی نشریات بال تل بیس کیمپ سے شروع کی ہے۔ریڈو کشمیر کی ٹیم نے بال تل میں ایف ایم ٹرانسمیشن اور اسٹوڈیو کی سہولت قائم کی ہے جہاں سے یاترا کیلئے روزانہ صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک 16 گھنٹے  پروگرام نشر کئے جائیں گے۔ یہ نشریات یاتریوں کیلئے AIR کی NewsonAir ایپ پر دستیاب ہوگی جس میں امرناتھ یاترا کے نشریات کے لیے ایک خصوصی پلیٹ فارم بنایا گیا ہے۔اس ایپ پر نشریات عالمی سطح پر دستیاب ہوں گی اور لوگ اس کو FM103,7Mghzاورڈی ٹی ایچ پر بھی سن سکتے ہیں ۔یہ سہولت AIR کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شری نیلا نیاگم کی نگرانی میں شروع کی گئی ہے جبکہ پروگرام کے مواد کی نگرانی پروگرام کی سربراہ رابعہ رسول کر رہی ہیں۔ پروگرام کے ایگزیکٹو طلحہ جہانگیر اس خصوصی ٹرانسمیشن کے پروڈیوسر انچارج ہیں۔ یاتریوں کے تازہ ترین اپڈیٹس کیلئے جموں سے امرناتھ تک بال تل اور پہلگام کے راستوں پر یاترا کی فیلڈ رپورٹس نشر کی جا رہی ہیں۔ ہر گھنٹہ موسم کی اپ ڈیٹس اور دیگر ضروری مشورے اور رہنما خطوط نشر کئے جا رہے ہیں۔