امت شاہ کی ریلی سے قبل پہاڑی قبائل متحرک | مینڈھر میں اجلاس منعقد ،راجوری ریلی میں شرکت کی اپیل

جاوید اقبال
مینڈھر //مرکزی وزیر داخلہ کے راجوری دورے سے قبل خطہ پیر پنچال میں پہاڑی قبائل کے لوگ متحرک ہونا شروع ہو گئے ہیں جبکہ اس مرتبہ جلسے میں پہاڑیوں کی وسیع تعداد کی شرکت متوقعہ ہے ۔ریلی میں شرکت کے سلسلہ میں مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر پہاڑی قبائل کی جانب سے ضلع ترقیاتی کونسل ممبر انجینئر واجد بشیر خان کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں پہاڑی قبائل کے لوگوں نے مینڈھر کے مختلف علاقوں سے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقررین نے کہاکہ پہاڑی قبائل گزشتہ کئی دہائیوں سے ناانصافی کا شکار ہیں جبکہ وہ اپنے حق کیلئے لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم سابقہ تمام حکومتوں نے پہاڑی قبائل کو یکسر نظر انداز کیا جس کی وجہ سے مذکورہ طبقہ کی ایک وسیع آبادی قدیم اور پسماندہ طرز کی زندگی بسر کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت نے پہاڑیوں کی مانگ کو پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے تاہم مذکورہ پارٹی کی حکومت ایسی پہلی حکومت بھی ہے کہ وہ مذکورہ معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ لے رہی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد پارٹی پہاڑیوں کو ایس ٹی کے درجے میں شامل کرئے گی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبر انجینئر واجد بشیر ٹیکو نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مرکزی وزیر داخلہ کی راجوری میں ہونے والی ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں ۔اس موقعہ پر بولنے والوں میں ظفر قریشی ،محمد رشید مغل ،افتاب چوہدری سابقہ سرپنچ ،تنویر خان سابقہ سرپنچ ،سید خان سرپنچ منکوٹ ،نیاز خان سرپنچ کانڈی گلہوتہ ،دویندر کمار رانا ،ماسٹر غلام احمد خان ،ستیش کمار کے علاوہ دیگران بھی موجودتھے جنہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ راجوری ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے وسیع شرکت کریں ۔