الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ضلع ترقیاتی کمشنروں کیساتھ میٹنگ ووٹر فہرستوں میں25اکتوبر کے بعد توسیع نہ کرنیکا فیصلہ

بلال فرقانی

سرینگر // الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پیر کے روز جموں کشمیر کے چیف الیکٹورل افسر کے علاوہ سبھی 20ضلع الیکٹورل افسران کیساتھ میٹنگ کی۔اس میٹنگ کے فوراً بعد سبھی ضلع ترقیاتی افسران، جو ضلع الیکشن افسر بھی ہیں ،نے ضلع سطح پر الگ الگ میٹنگیں منعقد کیں۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں کشمیر میں چناوی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پیر کو جموں کشمیر کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کیساتھ ایک اہم میٹنگ میں الیکشن سے متعلق بنیاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔الیکٹورل رول تیار کرنے کے بارے میں ہورہے کام پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔5 بجے سے سوا 7 تک طویل میٹنگ کے دوران الیکشن کمیشن کو نئے ووٹروں کے اندران، ووٹروں کو آدھار کیساتھ منسلک کرنے اور گھر گھر سروے سے متعلق نتائج کی جانکاری دی گئی۔دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری میٹنگ کے دوران چناوی تیاریوں کے ہر پہلو کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ گذشتہ15روز میں اس حوالے سے قریب 30فیصد کام ہوچکا ہے۔

 

میٹنگ میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایات دیں کہ وہ نئے نظر ثانی ووٹر فہرستیں تیار کرنے کیلئے مقرر تاریخ تک کام مکمل کرائیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ 25اکتوبر کو ابتدائی ووٹر فہرستیں تیار ہوکر عوام کے مشاہرے کیلئے رکھی جائیں گی جس کے بعد اعتراضات کو زیر غور لایا جائیگا۔الیکشن کمیشن نے اس میں کوئی توسیع نہ کرنے پر زور دیا اور نومبر میں مکمل ووٹر فہرستیں تیار کرنے کی ہدایات دیں۔الیکشن کمیشن نے میٹنگ میں عام تیاریوں کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی اور مختلف چناوی امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس میٹنگ کے اختتام پر سبھی 20اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے اپنے ماتحت افسران کیساتھ ووٹر فہرستوں کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جروری ہدایات کے بارے میں انہیں جانکاری دی گئی۔