افغانستان کے صوبے بلخ میں دھماکہ | 7 افراد جاں بحق، 6زخمی

کابل// افغانستان کے صوبے بلخ میں مرکزی ضلع مزار شریف میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں سرکاری پیٹرولیم کمپنی کے ملازمین کی بس سروس پر بم حملے میں سات ملازمین جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبے بلخ کے پولیس ترجمان محمد آصف وزیری نے بتایا کہ آج صبح 7 بجے مزار شریف شہر میں سید آباد موڑ کے قریب آئل کمپنی کے ملازمین کی بس کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے ۔ترجمان پولیس نے اے ایف پی کو بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے حادثہ کو سیل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بم سڑک کنارے موجود ریڑھی میں نصب تھا جو بس مذکورہ مقام پر پہنچنے پر دھماکے سے پھٹ گیا، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔محمد آصف وزیری نے بتایا کہ اب تک کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے البتہ سیکیورٹی حکام واقعے کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بس میں سوار ملازمین کس کے لیے کام کرتے تھے ۔گزشتہ سال اگست میں طالبان نے اقتدار میں آنے کے بعد مسلسل دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتریہ آئی ہے لیکن ان کے ان دعوؤں کے برعکس افغانستان میں مسلسل دھماکوں اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے ۔خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں افغانستان کے شہر ایبک میں قائم مدرسے میں دھماکا ہوا تھا جس میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہوگئے تھے ۔ (یو این آئی)