افروٹ میں پھربرفانی تودہ گرا وادی میں ہلکی برفباری کا امکان

مشتاق الحسن+اشفاق سعید

گلمرگ +سرینگر// برفانی تودہ گرنے سے دو پولینڈ اسکائیرز کے ہلاک ہونے کے تین دن بعد افروٹ گلمرگ میں ایک اور برفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا۔تاہم پولیس نے کہا کہ اس واقعہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح افروٹ گلمرگ میں برفانی تودہ گرا۔پولیس نے ایک بیان میں کہا ’’علاقے کی پہلے ہی ریڈ زون کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے اور کسی بھی نقل و حرکت کے لئے پابندی ہے۔ سیاحوں کو ایک بار پھر مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مہم جوئی نہ کریں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں‘‘۔یکم فروری کو افروٹ میں برفانی تودہ گرنے سے پولینڈ کے دو سیاح برف کے نیچے دفن ہوئے ۔ تاہم بچائو کارروائی کے دوران 17سیاحوں اور 2مقامی گائیڈوں کوبچا لیا گیا۔۔ 2010 میں گلمرگ میں آرمی کے ہائی ایلٹیٹیوڈ وارفیئر اسکول میں برفانی تودہ گرنے سے کم از کم 17 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ادھر محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز جموں و کشمیر میں اگلے دو دن تک بکھرے ہوئے مقامات پر بارش یا برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا اور شمالی کشمیر کے ایک یا دو مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری ہوگی۔حکام نے بتایا کہ ویسٹرن ڈسٹربنس سسٹم کے تحت جموں، کشمیر اور لداخ میں اگلے دو دنوں تک بکھری برف/بارش کا امکان ہے۔حکام نے بتایا کہ کل رات کشمیر کے کئی حصوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا۔سرینگر میں گزشتہ رات منفی 0.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں منفی 5.5 ، پہلگام میں منفی 0.9 ، قاضی گنڈ میں منفی 3.0اور کپواڑہ میں1.8 ڈگری سیلسیس پر رہا۔ حکام نے بتایا کہ جموں میں 8.9تھا۔MeT نے کہا کہ لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں لیہہ اور کرگل میں منفی 8.0- اور منفی 13.2 ریکارڈ کیا گیا۔