اضافی قیمتوں پرمرغ وگوشت کی فروخت ۔4دکانیں سر بمہر, کیس رجسٹر

بلال فرقانی

سرینگر// محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے اضافی قیمتوں پر گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے3 قصابوں اور ایک مرغ فروش کی دکانیں سر بمہر کردیں۔ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے انفورسمنٹ اسکارڈ نے سرینگر میں قصابوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے کو بلائے طاق رکھ کر اضافی قیمتوں پر گوشت فروخت کرنے کی پاداش میں کئی قصابوں کی دکانوں کوبند کردیا۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ عوامی سطح پر قصابوں کے خلاف مہنگی قیمتوں پر گوشت فروخت کرنے سے متعلق شکایات موصول ہونے کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ مشتاق احمد وانی (ایگزیکٹو مجسٹریٹ)کی سربرای میں مہم شروع کی گئی،جس کے دوران قصابوں کی3 اور ایک مرغ فروش کی دکان کو سیل کیا گیا۔ محکمہ کا مزید کہنا ہے کہ اس دوران مجموعی طور پر507تجارتی جگہوں کا معائنہ کیا گیا اور41 ہزار3 روپے روپے102 دکانداروں سے اشیائے ضروریہ قانون کے تحت بطور جرمانہ وصول کی گئی۔ محکمہ کے انفورسمنٹ اسکارڈ کے سربراہ مشتاق احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر12ہزار440دکانداروں سے58لاکھ33 ہزار700روپے کی رقم بطور جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ189دکانات کو سیل کرنے کے علاوہ12دکانداروں کے خلاف پولیس میں کیس درج کیا گیا۔ مشتاق احمد وانی نے اضافی قیمتوں میں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے دکانداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم جاری رہے گی،اور جس کسی کو بھی قانون کے خلاف پایا جائے گا اس کے خلاف قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انفورسمٹ اسکارڈ کے سربراہ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس بدعت کو ختم کرنے میں محکمہ کا ساتھ دیں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف محکمہ کو مطلع کریں۔