اردوان نے تیسری مرتبہ صدر کا حلف اٹھالیا

 

یو این آئی

 

انقرہ// رجب طیب اردوان نے ترکیہ کے صدر کے عہدے کا حلف لے لیا ہے ۔ وہ مسلسل تیسری بار ملک کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔مسٹر رجب طیب اردوان نے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل عزم کیا کہ میں آئین و قانون اور جمہوری اقدار کی پاسداری کروں گا۔ 28 مئی کو صدارتی الیکشن کے دوسرے اور آخری مرحلے میں رجب طیب اردوان نے فتح حاصل کی جبکہ ان کے حریف کمال قلیچ دار دوسرے نمبر پر رہے ۔ اردوان نے 52.24 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ کمال قلیچ دار نے 47.79 فیصد ووٹ لیے ۔ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد اردوان نے استنبول میں اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا تھا کہ ترکیہ کے عوام نے ہمیں دوبارہ اقتدار سونپ دیا، ہمیں مزید 5 سال حکومت کرنے کی ذمہ داری دے دی۔عوام نے اردوان کو تیسری بار ملک کی صدارت سونپی۔ کہا جاتا ہے کہ وہ دنیائے سیاست کی واحد شخصیت ہیں جنہوں نے 1992 سے اب تک کوئی الیکشن نہیں ہارا۔30 مئی کو انقرہ میں یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکسچینجز کی 79ویں جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عہد کیا تھا کہ ترکیہ اب دنیا بھر میں امن و سلامتی قائم کرنے کیلیے اقدامات اٹھائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پوری دنیا اور بالخصوص یورپ سے بحیرہ اسود تک اور مشرق وسطیٰ سے شمالی افریقہ تک سلامتی و امن قائم کرنا ہے ۔‘یورپی یونین کے ساتھ ویزا سے متعلق مسئلے کو بھی جلد از جلد حل کر لیں گے جبکہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور معیشت اولین ترجیح ہے ۔’

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حلف برداری تقریب ترکیہ کے پارلیمنٹ میں منعقد ہوئی جس میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف ، آذربائیجان کے صدر الہام علییف اور آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشنیان اور دیگر علامی رہنمائوںنے شرکت کی جبکہ بعض ممالک کی نمائندگی ان کے وزرائے خارجہ نے کی اور امریکہ کی نمائندگی سفیر جیفری فلیکج اورروس کی جانب سے ریاستی دوما کے اسپیکر ویاچسلاوف ولودن شریک ہوئے۔