اجمیردرگاہ میں مذہبی عقیدت اور روایت کے ساتھ عرس کی چھٹی منائی گئی

یو این آئی

اجمیر//راجستھان کے اجمیر میں صوفی بزرگ خواجہ معین الدین حسن چشتی کے 811 ویں سالانہ عرس کے موقع پر آج عرس کی چھٹی مذہبی عقیدت اور روایت کے ساتھ منائی گئی۔اس کے ساتھ ہی چھ روزہ عرس تقریباً اپنے اختتام کو پہنچا۔ اب 9 رجب یعنی یکم فروری کو بڑے قل کی رسم کے ساتھ عرس کا باضابطہ اختتام ہوجائے گا۔اجمیر میں شدید ٹھنڈ، گرج چمک اورنصف شب سے رک رک کر ہونے والی بارش کے درمیان اجمیر درگاہ کے احاطہ نور میں چھٹی کی محفل شروع ہوئی۔ آستانہ شریف میں صبح آٹھ بجے سے خدام خواجگان جمع ہوئے اور زائرین کا داخلہ روک دیا گیا۔ خدام خواجہ آستانہ میں مذہبی رسومات ادا کرنے میں مصروف ہیں۔ عرس کی چھٹی کے موقع پر فاتحہ خوانی کے ساتھ چھٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں غریب نواز کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی۔ انجمن سید زادگان نے شان و شوکت کے ساتھ صدر غلام کبریا اور سیکرٹری سید سرور چشتی کی نمائندگی میں مزار شریف پر مخملی چادر اور گلہائے عیقدت پیش کئے۔