آنگن واڑی ورکروں کا پونچھ میں احتجاج ریٹائرمنٹ سے متعلق فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ

حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر آنگن واڑی کارکنان نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جہاں پر انہوں نے انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ ان کارکنان کا کہنا تھا کہ حکومت نے نے پہلے ان کے اوپر کام کا اتنا بوجھ ڈال دیا ہے کہ وہ جسمانی اور ذہنی طور سے کافی پریشان ہو گئی اور اب ان کو ساٹھ سال کی عمر میں ریٹائر کرنے کی پالیسی بنا کر مزید پریشان کیا جا رہا ہے۔ اس احتجاجی مظاہرے میں موجود آنگن واڑی کارکنان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک تو ان کو زبردستی ریٹائر کیا جا رہا ہے دوسرا ان کو کوئی بھی مالی معاونت نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریٹائرمنٹ پالیسی کو سرے سے منسوخ کیا جائے۔انہوں نے اپنے دیگر مطالبات بھی سرکار کے سامنے دہرائے۔