آفتاب مارکیٹ میں 25دکانیں سیل | دکاندار سراپا احتجاج، کارروائی بلا جواز قرار

یو این آئی
سرینگر//سرینگر کے قلب لالچوک میں ضلعی انتظامیہ نے آفتا ب مارکیٹ میں واقع 25دکانوں کو سیل کیا۔ دکانداروں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کے پاس باضابط طورپر کاغذات موجود ہیں جبکہ وہ میونسپل کارپوریشن کو کرایہ بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اب اپنے بال بچوں سمیت خود کشی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ بدھ کی سہ پہر آفتاب مارکیٹ میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر 25دکانوں کو سیل کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ آفتاب مارکیٹ میں 2کنال 7مرلہ اراضی پر غیر قانونی طورپر قبضہ کرکے وہاں پر ڈھانچے بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کو شکایت موصول ہوئی کہ آفتاب مارکیٹ میں غیر قانونی طورپر دو کنال سات مرلہ اراضی پر قبضہ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ دکانداروں کو باضابط طورپر نوٹسیں بھی جاری کی گئیں تاہم انہوں نے دکانوں کو خالی نہیں کیا جس کے بعد تحصیلدار کی سربراہی میں ٹیم نے 25دکانوں کو سیل کیا۔دریں اثنا دکانداروں نے سڑکوں پر آکر انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے۔انہوں نے کہاکہ ہم باضابط طورپر سرینگر میونسپل کارپوریشن کو کرایہ دے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی انتظامیہ نے اْن کی دکانوں کو سیل کیا۔انہوں نے بتایا کہ سرکار روزگار کے بجائے لوگوں سے روزگار چھین رہی ہیں جو حیران کن ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی نے اس اراضی پر دعویٰ کیا تو اُس کو چاہئے تھا کہ وہ ثبوت و شواہد لے کر سامنے آئے اور ہم بھی اس کا جواب دیتے لیکن انتظامیہ نے دکانداروں کی کوئی بات ہی نہیں سنی اور بیک جنبش 25دکانوں کو سیل کیا ۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ 25دکانوں کو سیل کرنے سے دو سو کے قریب افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔ دکانداروں نے ایل جی منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس میں مداخلت کریں تاکہ دکانداروں کو انصاف مل سکے۔ دریں اثنا ادھر ضلعی انتظامیہ نے دکانداروں کے اس دعوئے کو من گھڑت اور حقیقت سے بعید قرار دیا۔