آسام کے25اضلاع ہنوز سیلاب کی زد میں ۔ 126 اموات، امدادی سامان پہنچانے کے لیے 7 طیارے مختص

 

گوہاٹی// آسام میں تباہ کن سیلاب میں مزید پانچ لوگوں کی موت ہو گئی جس کے بعد ریاست میں مرنے والوں کی کل تعداد 126 ہو گئی ہے ۔ ریاست کے 25 سے زائد اضلاع اب بھی سیلاب کی زد میں ہیں۔ مختلف مقامات پر راحت اور بچاؤ کام جاری ہے ۔ ہندوستانی فضائیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 77 ٹن امدادی سامان پہنچانے کے لیے سات طیارے لگائے ہیں۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے ) کی طرف سے جاری یومیہ ریلیز کے مطابق، کل ریاست کے بارپیٹا، کچھار، درانگ، کریم گنج اور مورے گاؤں اضلاع میں چار بچوں سمیت کل پانچ افراد کی موت ہوئی۔ اس کے علاوہ دو اضلاع میں دو افراد لاپتہ بھی ہوئے ہیں۔ اس سال ریاست میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مرنے والوں کی کل تعداد 126 ہو گئی ہے ۔ریلیز کے مطابق ریاست کے بائیس لاکھ اکیس ہزار پانچ سو سے زائد لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔بجالی، بکسا، بارپیٹا، کچھار، درانگ، دھیماجی، دھوبری، ڈبروگڑھ، گولپارہ، گولاگھاٹ، ہیلاکنڈی، نلباری، سونیت پور، جنوبی ش لمارا، تمولپور اور ادلگوری اضلاع سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جس میں بارپیٹا ضلع سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہے ، جہاں سات لاکھ سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں، ناگاؤں میں 5.13 لاکھ اور کچھار میں 2.77 لاکھ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے اتوار کو بھی تین دنوں میں دوسری بار سلچر کے کچھار اور کامروپ میں ہجو کا دورہ کیا اور راحت اور بچاؤ کاموں میں شامل ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچیں اور جلد از جلد ان کی مدد کو یقینی بنائیں۔