آزادکاحکومت کومشورہ اراضی کے بڑے رقبوں کے قابضوں کو نہ چھوڑیں

بلال فرقانی

سرینگر// سابق وزیر اعلیٰ اور ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے صدر غلام نبی آزاد نے ہفتہ کو سرکار کو مشورہ دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر اراضی کے بڑے رقبوں پر قابض لوگوں کو نہ چھوڑیں۔انہوں نے لیفٹننٹ گورنرکے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ جاری بے دخلی مہم کے خلاف اپنی ایجی ٹیشن ختم کریں۔سابق مرکزی وزیر وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے ہفتہ کو کہا کہ جن لوگوں نے زمین کے بڑے رقبے ہتھیا لئے ہیں، ان کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جاری انسداد تجاوزات مہم میں بخشا نہیں جانا چاہیے۔ سرینگر کے سونہ وار علاقے میں پارٹی ہیڈ کواٹر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آزاد نے کہا کہ جمہوریت میں کوئی بھی لوگوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے، انہوں نے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنا احتجاج ختم کریں کیونکہ لیفٹننٹ گورنرے یقین دلایا ہے کہ غریبوں کو ہاتھ نہیں لگایا جائے گا۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا’’ہم ان لوگوں کے خلاف حکومت کے قدم کے حق میں ہیں جنہوں نے غیر قانونی طور پر زمین کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا ہے۔ ہم حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ ایسے لوگوں کو ہاتھ نہ لگائیں جنہوں نے صرف ایک یا دو مرلہ زمین پر اپنے کاروباری یونٹ یا دکانیں قائم کی ہیں تاکہ وہ بھوکے رہنے پر مجبور نہ ہوں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات کا مقصد یقینی طور پر سیاسی فوائد حاصل کرنا نہیں ہے، تاہم یہ موجودہ حکومت کے خلاف جائے گا جس نے پتھر بازی کو ختم کرکے، سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے اور دیگر متعلقہ امور کے ذریعے زمینی سطح پر زبردست کام کیا ہے۔