آرٹیزن کریڈٹ کارڈسکیم فوائد دینے میں ناکام تین بار تبدیلیاں کی گئیں، 11سال میں صرف 24000دستکاروں کو قرضے فراہم

پرویز احمد

سرینگر //جموں و کشمیر دست کاروں کی آمد نی بڑھانے کیلئے سال 2012کو شروع کی گئی آرٹیزن کریڈیٹ کارڈ سکیم بھی عام دستکاروں کی مالی حالت بدلنے میں ناکام رہی ہے۔ اے سی سی کے تحت جموں و کشمیر میں ہر سال 5000 دستکاروں کو90ہزار اور 1لاکھ 80ہزار تک کے قرضے فراہم کرنے تھے لیکن 11سال میں صرف 24ہزار دستکاروں کو قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ سال 2008میں جموں و کشمیر سرکار کی جانب سے درمیانی صنعتوں کو بڑھاوا دینے کے اسکیم کے تحت سرکار نے ہنڈی کرافٹس سے جڑے دستکاروں کو فی کس50ہزار روپے قرضے فراہم کرنے کی سکیم شروع گئی تھی لیکن 4سال بعد آرٹیزن کریڈیٹ کارڈ اسکیم متعارف کرائی گئی اور اسکیم کے تحت مختلف دستکاریوں سے جڑے افراد کو 90ہزار روپے تک قرضہ دینے کافیصلہ کیا گیا ۔

 

 

 

اس اسکیم کے تحت دستکاروں کو 90ہزار روپے کم شرح سود پر دیئے جاتے تھے۔ قرضوں پر محکمہ ہنڈی کرافٹس 10فیصد سبسڈی دیتا تھا لیکن سال 2012میں جموں و کشمیر سرکار نے اے سی سی میں ترمیم کرکے قرضے دینے کا دائرہ 90ہزار سے بڑھا کر 1لاکھ 80ہزار روپے کردیا۔ سال 2020میں مرکزی زیر انتظام سرکار نے ہر سال 5ہزار دستکاروں کو قرضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا اور دستکاروں کو ملنے والی سبسڈی میں کمی کرکے 10فیصد سے 7فیصد کردیا گیا ۔ محکمہ ہنڈی کرافٹس حکام نے بتایا کہ سال 2012سے لیکر ابتک آرٹیزن کریڈیٹ کارڈ اسکیم کے تحت صرف 24ہزار افراد کو قرضہ فراہم کئے گئے ہیں ۔کشمیری دستکاریوں کے بچائو کیلئے بنائی گئی تنظیم’’ تحفظ‘‘ کے صدر نذیر احمد نے بتایا ’’ ابتک یہ سکیم دستکاروں کی آمدنی بڑھانے اور ان کی طرز زندگی میں بہتری لانے میں بری طرح ناکام رہی ہے‘‘۔نذیر احمد نے بتایا ’’ ان قرضوں سے دستکاروں کو کوئی بھی فائدہ نہیں پہنچا ہے لیکن وہ اپنی چھوٹی موٹی ضروریات کو پورا کرسکتے ہیںکیونکہ موجودہ دور میں جب خام مال کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں، 90ہزار یا 1لاکھ 80ہزار سے کوئی بھی شخص اپنے لوم کھڑا نہیں کرسکتا ‘‘۔محکمہ ہنڈی کرافٹس کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دو سال قبل آرٹیز کریڈ کارٹ سکیم میں تبدیلی لائی گئی اور اب قرضہ فراہم کرنے میں بھی سرعت لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ 5000کیسز میں کشمیر صوبے میں 3500کیسوں کو منظور کرنا تھا اور ہم سال 2021-22میں 3177اور سال 2022-23میں 3323آرٹیزنوں کو قرضے فراہم کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتک ہم نے 6کروڑ 25لاکھ سے زائد کے قرضے فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیزین کریڈ کارڈ کے علاوہ ہم نے ’مدرا سکیم‘ کے تحت 6کروڑ 46لاکھ روپے کے قرضے دستکاروں کو دیئے ہیں۔