آبدوزوں کیلئے اڑھائی ارب ڈالر کا جرمنی سے سودا مشترکہ اہداف کی بنیاد پردفاعی تعلقات استوار کر سکتے ہیں:راجناتھ سنگھ

 ایجنسیز

نئی دہلی// جرمنی کے وزیر دفاع بورس پسٹوریس نے منگل کو اپنے ہندوستانی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ چھ آبدوزیں خریدنے کے ہندوستان کے منصوبے کی دوڑ میں جرمنی کی صنعت ’ اچھی جگہ‘ پر ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں اہم فوجی فورموں کی مشترکہ ترقی اور ہند-بحرالکاہل خطے میں تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی۔

 

 

بات چیت کے بارے میں معلومات رکھنے والے لوگوں نے بتایا کہ ہندوستانی فریق نے پسٹوریٔس کو لائن آف ایکچوئل کنٹرول(ایل اے سی)پر چین کی جارحیت اور پاکستان کو مغربی ممالک سے اہم دفاعی ٹیکنالوجی ملنے کی صورت میں ممکنہ خطرات کے بارے میں نئی دہلی کے خدشات سے آگاہ کیا۔بات چیت کے بعد پسٹوریٔس نے صحافیوں کو بتایا کہ ہند بحرالکاہل کے خطے میں غیر متوقع صورتحال کے تناظر میں نئی دہلی کے ساتھ برلن کے تزویراتی تعلقات زیادہ اہم ہو گئے ہیں۔

 

 

یہ ریمارکس خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی جارحیت پر بڑھتی ہوئی عالمی تشویش کے درمیان سامنے آئے ہیں۔ وزارت دفاع کے مطابق، پسٹوریٔس کے ساتھ بات چیت میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور جرمنی مشترکہ اہداف کی بنیاد پر “زیادہ متحرک” دفاعی تعلقات استوار کر سکتے ہیں۔ پسٹوریٔس نے جرمن زبان میں میڈیا کو بتایا’’میرے خیال میں ہمیں ہندوستان کے ساتھ شراکت داری میں اس خطے (انڈو پیسیفک) میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ ہم ایک ایسے وقت کے قریب پہنچ رہے ہیں جب ہم واقعی پیش گوئی نہیں کر سکتے۔” اگلے چند سالوں میں ہونے والا ہے‘‘۔