نوشہرہ//9افراد کے غرقآب ہو نے کے باوجود نوشہرہ کے مناور دریا پر پل تعمیر نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث 1500کنبوں پر مشتمل ہزاروں کی آباد ی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے اور لوگوں کو دریا پا ر کرتے ہوئے اپنی جان جوکھم میں ڈالنی پڑ جاتی ہے ۔نوشہرہ کی راجل پنچایت کے تحت آنے والے گائوں ڈھلیاں کے مقامی لوگوں کو دریا عبور کرتے ہوئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔جموں پونچھ شاہراہ پر تعمیر پل کے علا وہ 11کلو میٹر کے علا قہ میں کوئی بھی پل نہیں ہے جس کی وجہ سے بارشوں کے دوران مقامی لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر نا پڑتی ہے ۔ڈھلیاں گائوں مناور دریا کے آرپار آبادہونے کیساتھ ساتھ مقامی لوگ بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے مذکورہ علا قہ میں پل کی تعمیر کے سلسلہ میں کئی مرتبہ مقامی اور ضلعی انتظامیہ سے رجوع کیا ہے لیکن ہر بار ان کو یقین دہانی کروائی جاتی ہے لیکن عملی طور پر عوامی مشکلات کو حل کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جاتا ۔مقامی افراد پرتپال سنگھ ،سردار اوتار سنگھ ،محمد بشیر اور محمد ریاض نے بتایا کہ مناور دریا پر پل کے نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک اس علا قہ سے مجموعی طورپر 9افراد غرقآب ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کے دوران میں سیاسی نمائندوں کی جانب سے بھی عوام کیساتھ وعدے کئے جاتے ہیں لیکن انتخابی نتائج کے بعد عوامی مشکلات کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔مقامی لوگوںنے کہاکہ انہوں نے کئی مرتبہ سابقہ ممبراسمبلی سے بھی شکایت کی اور انہوں نے یقین دلایا تھا کہ عوامی مانگ کو جلد ہی پورا کیا جائے گا اب ان کی مدت بھی ختم ہو گئی ہے لیکن عوامی مسائل جوں کے توں ہیں ۔ڈھلیاں گائوں کی عوام نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دریا مناور پر پل کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل میں کمی آسکے۔