۔840عازمین پر مشتمل پہلا حج قافلہ سرینگر سے روانہ

سرینگر //فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے840 عازمین حج پر مشتمل پہلا قافلہ منگل کودو خصوصی پروازوں کے ذریعے سرینگرکی بین لاقوامی طیران گاہ سے براہ راست مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوا۔واضح رہے کہ امسال مجموعی طور ریاست کے8106عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جن کیلئے سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے براہ راست مدینہ منورہ تک ائر انڈیا کی طرف سے5اگست تک24خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔اس بار دوران حج عازمین کی معاونت کیلئے40خدام الحجاج کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے اور ہر پرواز کے ساتھ دو خدام عازمین کے ہمراہ روانہ ہونگے  وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے حج و اوقاف کے وزیراور انتظامیہ و پولیس کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ ائر پورٹ سے پہلی پرواز میں سوار ہونے والے عازمین کو رخصت کیا اور ان سے ریاست میں امن و امان کیلئے دعا کرنے کی استدعا کی۔محبوبہ مفتی نے عازمین سے حج ہائوس اور ائر پورٹ پر ان کیلئے کئے گئے انتظامات کی جانکاری بھی حاصل کی اس سال پہلے قافلے میں جج کیلئے مدینہ شریف جانے والے عازمین صبح ہی حج ہاوس بمنہ پہنچے تھے جبکہ دور دراز علاقوں کے لوگ رات کو ہی سرینگر پہنچے تھے اور انہوں نے رات بھر حج ہاوس میں ہی قیام کیا۔عازمین کے ہمراہ سینکڑوں کی تعداد میں انکے رشتہ دار مردوزن،بوڑھے اور بچے اسلام کے حق میں نعرے بلند کررہے تھے۔اس موقعہ پر بمنہ کی فضائیں روح پرور نعروں اور درود و اذکار سے کئی گھنٹوں تک گونجتی رہیں۔ عازمین کی روانگی کے سلسلے میں حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور حج ہائوس کے علاوہ بمنہ بائی پاس ائر پورٹ روڑ پر سیکورٹی اہلکاروں کی اضافی تعداد تعینات کی گئی تھی۔جج افسر سرینگر محمد مقبول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ائر انڈیا کی پہلی خصوصی پرواز میں420عازمین سفر محمود پر روانہ ہوئے۔ان عازمین کی پرواز اگر چہ صبح9بجے اڑان بھرنے والی تھی لیکن کچھ وجوہات کی بناپر یہ پرواز 10بجکر 5منٹ پر روانہ ہوئی۔صبح11بجکر35منٹ پر دوسری پرواز جس میں420عازمین شامل تھے پرواز کے ذریعے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ان حجاج کرام میں 5خادمان حجاج بھی شامل تھے ۔ اور اس طرح منگل کو کل ملا کر دو پروازوں کے ذریعے پہلے قافلے میں 840عازمین سفر محمود پر روانہ ہوئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ائیر انڈیا روزانہ2 پروازیں چلائے گا جن کے ذریعے روزانہ840 عازمین مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوں گے اور عازمین کا آخری قافلہ 3 اگست کو روانہ ہوگا۔