سرینگر // چین ، ایران، جنوبی کوریا، انڈونیشیا ، ملیشیاء اور کرونا وائرس سے متاثرہ دیگر ممالک سے 230افراد جمعرات کوجموں و کشمیر پہنچ گئے جن میں 186افراد کا تعلق کشمیر صوبے سے جبکہ 44افراد کا تعلق جموں صوبے سے تھا۔ جمعرات کو مختلف ممالک سے جموں و کشمیر آنے والے 230افراد میں سے 7کے خون کے نمونے تشخیص کیلئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولاجی بھیج دئے گئے۔ جموں و کشمیر میں کرونا وائرس پر نظر گزر رکھنے کیلئے تعینات نوڈل آفیسر ڈاکٹر شفقت خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ جمعرات کو 230افراد کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے جموں و کشمیر پہنچے ‘‘۔ ڈاکٹر شفقت نے بتایا ’’ 230افراد میں سے 7میں ابتدائی علامات کی موجودگی کے بعد خون کے نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولاجی کو بھیج دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر خان نے کہا ’’ کشمیر آنے والے 186افراد میں سے3میں ابتدائی علامات کی موجودگی کے بعد خون کی تشخیص کیلئے نمونے حاصل کئے گئے جبکہ جموں صوبے سے تعلق رکھنے والے 44افراد میں سے 4کے خون کے نمونے تشخیص کیلئے این آئی وی بھیج دئے گئے۔ ادھر سرینگر ایئر پورٹ پر بھی سکریننگ کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور جمعرات کوبھارت کی مختلف ریاستوں سے کشمیر آنے والے 2257افراد کی سکریننگ کی گئی ۔ کشمیر میں وبائی بیماریوں پر نظر گزر رکھنے پر مامور نوڈل آفیسر ڈاکٹر ایس ایم قادری نے بتایا ’’ سرینگر کے ہوئی اڈے پر جمعرات کو 2338افراد کی سکریننگ کی گئی جن میں 2257افراد بھارت کی مختلف ریاستوں اور رمرکزی زیر انتظام علاقوں سے کشمیر آئے تھے جبکہ 81بیرون ممالک سے کشمیر پہنچے ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ جمعرات کو کشمیر آنے والے 81افراد چین ، ایران ، بنگلہ دیش ، کوریا، انڈونیشیا، ملیشیاء اور سعودی عرب سے کشمیرآئے ‘‘۔ ڈاکٹر ایس ایم قادری نے بتایا کہ کشمیر میں نگرانی کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور طبی سہولیات کادوبارہ معائنہ کیا گیا ہے ۔ ادھر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے او پی ڈی میں ایران سے آنے والے ایک اور شخص میں ابتدائی علامات پائی گئیں ہیں اور سکمز انتظامیہ نے مذکورہ نوجوان کو فوراً آئی سولیشن وارڈ میں داخل کردیا ۔ انچارج میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام حسن یتو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ جمعرات کو معمول کے مطابق او پی ڈی میں ڈاکٹروں نے ایک ایسے شخص میں ابتدائی علامات پائیں جو حالیہ دنوں میں ایران سے واپس آیا تھا‘‘۔میڈیکل سپر انٹنڈنٹ نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ نے مذکورہ شخص کو فوراً اپنی تحویل میں لیکر آئیسولیشن وارڈ میں داخل کردیا اور اس طرح آئی سولیشن وارڈ میں داخل ہونے والے افراد کی تعداد 5ہوگئی ہے۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ نے کہا ’’ 2کے نمونے پہلے ہی منفی قرار دئے گئے ہیں جبکہ دیگر 2کی رپورٹ جمعہ شام تک موصول ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو ایران سے آنے والے شخص کے خون کی تشخیص کیلئے نمونے حاصل کئے گئے ہیں اور انہیں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولاجی بھیج دیا گیا ہے۔ ادھر محکمہ صحت کے ذرائع سے کشمیر عظمیٰ کو معلوم ہوا ہے کہ سرکار نے محکمہ صحت کو روزانہ کی بنیاد پر بلٹین جاری کرنے کی ہدایت جاری کی ہے اور تمام افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ میڈیا کو از خود کوئی بھی جانکاری فراہم نہ کرے۔
میڈیکل ٹیم تہران پہنچ گئی
۔1200بھارتیوں کی طبی جانچ کی جائیگی
نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکزی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران میں پھنسے بھارتی شہریوں کی وطن واپسی کی خاطر میڈیکل ٹیم تہران پہنچ گئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ میڈیکل ٹیم سبھی بھارتی شہریوں کا طبی معائنہ کرنے کے بعد اُن کے نمونے حاصل کرے گی۔ ا نہوںنے کہاکہ ایران میں کل ملا کر 1200بھارتی شہری درماندہ ہیں۔ جے شنکر نے کہاکہ اس حوالے سے ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جمعرات کے روز بھارت سے ایک اعلیٰ سطحی میڈیکل ٹیم تہران پہنچی جو وہاں پر پھنسے بھارتی شہریوں کا طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے نمونے حاصل کرے گی۔ وزیر خارجہ کے مطابق بھارتی شہریوں کی وطن واپسی کے حوالے سے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں تاہم سبھی شہریوں کی طبی جانچ ناگزیر ہے۔اس دوران مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا ہے کہ ایران میں پھنسے بھارتیوں کی واپسی سب سے بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے راجیہ سبھا میں کہا کہ سینکڑوں بھارتی طلاب اور زائرین ایران میں موجود ہیں جنہیں واپس لانے کیلئے ممکنہ طور پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ بھارت ایران سے رابطے میں ہے اور چونکہ ایران سب سے زیادہ متاثرین ممالک میں ایک ہے لہٰذا اس ضمن میں ضروری تدابیر اٹھائے جارہے ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ ایران میں 1200بھارتی موجود ہیں۔