سرینگر//8ویں قومی یوم رائے دہندگان کے سلسلے میں ملک بھر کے ساتھ ساتھ وادی کے مختلف اضلاع میں پروگراموں کاانعقاد کیا گیا جس کے دوران لوگوں خاص کر نئے رائے دہندگا ن کو ووٹنگ عمل میں شمولیت کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ملک بھر میں سات لاکھ سے زیادہ مقامات پر یوم رائے دہندگان کی مناسبت سے پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ۔سرینگر کے گورنمنٹ زنانہ کالج ایم اے روڈ میں بھی تقریب منعقد ہوئی ۔یوم رائے دہندگان کا مرکزی موضوع تھا ’نوجوانوں اور مستقبل کے رائے دہندگان کو بااختیاربنانا ‘ ۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جب کہ تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اور ضلع چنائو آفیسر سید عابد رشید شاہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم اورنوڈل آفیسر سویپ ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ،تمام ای آر اووز اوراے ای آراووز کے علاوہ بی ایل اوز بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا اوم پرکاش راوت کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوںنے عوام کو آٹھویں قومی رائے دہندگان پر مبارک باد دی اورنئے رائے دہندگان کا خیر مقدم کیا۔تقریب کے دوران رائے دہندگان پر زوردیا گیا کہ وہ ووٹنگ عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر ملک کی جمہوری اقدار اوربااختیار اداروں مزید مستحکم کریں۔اُدھر بڈگام میں یوم رائے دہندگان کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ترقیاتی کمشنر اورضلع چنائو آفیسر محمد ہارون ملک نے نوجوان رائے دہندگان پر سماج کی ترقی اورخوشحالی کے لئے بڑے پیمانے پر رائے عامہ میں شرکت کرنے کے لئے زوردیا ۔اس سلسلے میں شیخ العالم ؒ ہال بڈگام میں ترقیاتی کمشنر کی صدارت میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اے ڈی سی بڈگام ،چیف ایجوکیشن آفیسر اورسینکڑوںکی تعداد میں آشا اور آنگن واڑی ورکروں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اس طرح کی تقربیات کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اہمیت کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ ووٹنگ عمل سے ہی نوجوان بااختیار ہوکر ناانصافیوں اورامتیاز کے خلاف آواز بلند کرسکتے ہیں۔ 8ویںقومی رائے دہندگان کے سلسلے میں کپوارہ اور ہندوارہ میںبھی تقاریب کااہتمام کیا گیا ۔ضلع چنائو آفیسر کپوارہ نے ٹائون ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران چنائو تک رسائی کے موضوع پر 18سال یا اس سے زیادہ کی عمر والے نوجوانوں میں اپیپکس تقسیم کرنے اوربہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات سے نوازا اس دوران انتخابی سیل کپوارہ کے جانب سے منعقدہ تقریب میں ضلع چنائو آفیسر کپوارہ خالد جہانگیر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اورلوگوں کو ووٹ کے استعمال اورسبھی کومساوی درجہ دینے کی اہمیت کے بارے میں روشنا س کرایا۔ضلع کولگام میں نوجوانوں اورعام لوگوں کو رائے دہندگان کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ٹائو ن ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر طلعت پرویز مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ترقیاتی کمشنرنے کہا کہ قومی یوم رائے دہندگان منانے کا مقصد جمہوری عمل میں زیادہ سے زیادہ لوگوںکی شرکت کو یقینی بنانا ہے۔انہوںنے کہاکہ ووٹ عمل میں شامل ہونا لوگوں کا جمہوری حق ہے اورلوگوں کو اس بنیادی حق کا بڑھ چڑھ کر استعمال کرنا چاہیے۔اس دوران نئے رائے دہندگان میںچنائو فوٹو شناختی کارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔اُدھر بانڈی پورہ میں آٹھویں قومی رائے دہندگان کے سلسلے میں منی سیکریٹریٹ کمپلیکس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں سینکڑوںکی تعداد میں نئے رائے دہندگان نے شرکت کی۔تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر سجاد حسین مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے یوم رائے دہندگان منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل میں زیادہ سے زیادہ لوگوںکی شرکت سے ہی قوم وسماج کو ترقی کی نئی بلندیوںپر گامزن کیا جاسکتا ہے اس دوران ضلع چنائو آفیسر نے نئے رائے دہندگان میںچنائو فوٹو شناختی کارڈ بھی تقسیم کئے۔دریں اثنابارہمولہ،پلوامہ،اننت ناگ اورگاندربل اضلاع میں بھی 8ویں قومی رائے دہندگان کا دن منایا گیا جس میں لوگوں خصوصاً نوجوانوں کو ووٹنگ عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زوردیا گیا کیوں کہ یہ عوا م کا قومی اور جمہوری حق ہے۔
۔8ویں یوم رائے دہندگان پرزنانہ کالج ایم اے روڑ میں تقریب
