۔8نئے معاملات کا اضافہ،تعداد 278

 سرینگر //جموں و کشمیرمیں سوموار کو مزید8مشتبہ مریضوںکی تشخیصی رپورٹ مثبت آئی۔ اس طرح کورونا وائرس مریضوں کی کل تعداد278ہوگئی ہے جن میں 50جموں جبکہ 228افراد کا تعلق کشمیر سے ہے۔ ریاستی سرکار کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے روزانہ ٹیوٹ میں لکھا ’’ہماری قسمت جاگنے لگی ہے، 14کوروناوائرس مریضوں کو گھر روانہ کردیا گیالیکن8نئے معاملے سامنے آئے ہیں جن میں 6کشمیر اور 2جموں سے تعلق رکھتے ہیں، یوںکل تعداد 278ہوگئی ہے‘‘۔ کشمیر میںمنگل کو مثبت قرار دیئے گئے6رپورٹوں میں سے4کی تشخیص سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں ہوئی  جبکہ2 سکمز صورہ میں مثبت قرار دیئے گئے۔

سی ڈی اسپتال

 جی ایم سی سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’منگل کو سی ڈی اسپتال  سے 13کورونا وائرس مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا جو بڑی خوشی کی بات ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ اب ہمارے پاس صرف 12کورونا وائرس مریض ہیںجن میں سے 2کو بارہمولہ سے سرینگر منتقل کیا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ میں 8مشتبہ مریض موجود ہیں جبکہ منگل کو مزید 3مشتبہ مریضوں کا داخلہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر محمد سلیم خان نے بتایا ’’13اپریل دن کے 5بجے سے لیکر 14اپریل دن کے 5بجے تک کل 254نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں 250منفی جبکہ 4کی رپورٹ مثبت قرار دی گئی ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’مثبت قرار دئے گئے 4مریضوں میں سے 3کا تعلق سرینگر کے مختلف علاقوں سے ہے جبکہ ایک کا تعلق اننت ناگ ضلع سے ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ منگل کو مزید 234نمونے تشخیص کیلئے موصول ہوئے ہیں۔ 

سکمز صورہ

شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں منگل کو2مشتبہ مریضوں کے نمونوں کو مثبت قرار دیا گیا جو دونوں بانڈی پورہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بتایا ’’184نمونوں میں سے2مثبت قرار دئے گئے جبکہ182کی رپورٹ منفی آئی‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ بڈگام کے54نمونوں کی تشخیص ہوئی اور یہ سبھی منفی قرار دئے گئے جبکہ گاندربل کے38نمونوں کی تشخیص کی گئی  جومنفی قرار دئے گئے‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ جی ایم سی بارہمولہ سے کل39نمونے موصول ہوئے جو سبھی منفی قرار دئے گئے ‘‘۔ ڈاکٹر جان نے بتایا ’’سکمز میں داخل مریضوںکے کل47نمونوں کی تشخیص ہوئی جن میں 2مثبت قرار دئے گئے اور ان دونوں مریضوں کا تعلق بانڈیپورہ سے ہے۔ انہوں نے کہا ’’ایک گنڈ جہانگیر اور ایک کا تعلق نائد کھے علاقے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت قرار دئے گئے افراد مختلف کورونا وائرس مریضوں کے رابطے میں آئے ہیں۔ سکمز شعبہ عوامی رابطہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کئے گئے  اعدادوشمار کے مطابق سکمز میں ابتک کل 378مشتبہ مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے326کو قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد رخصت کیا گیا جبکہ 12کو جے وی سی بمنہ منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ 1، آئیسولیشن وارڈ 2اور آئیسولیشن وارڈ 3میں کل28مریض زیر علاج ہیں۔ سکمز میں ابتک کل 1876 نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں 1738افراد کی رپورٹ منفی آئی جبکہ138مشتبہ مریضوں کی تشخیصی رپورٹ کو مثبت قرار دیا گیا ۔

سرکاری بیان

حکومتی بیان میں کہا  گیاہے کہ منگل کو کورونا وائرس کے 08نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیںاور ان میں دو کا تعلق جموں صوبے سے اور 6کا تعلق کشمیر صوبے سے ہیںاوراس طرح جموںوکشمیر میں مثبت معاملات کی تعداد278  تک پہنچ گئی ہے۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے 278 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 244سرگرم معاملات ہیں ۔ 32مریض شفایاب ہوئے اور چار کی موت واقع ہوئی ہے ۔ صحتیات ہوئے کل مریضوں میں سے 14کا تعلق کشمیر صوبے ہیں اور انہیں آج سی ڈی ہسپتال سری نگر اور سکمز صورہ سے رخصت کیا گیا۔ علاوہ ازیں اب تک 55,498افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں 7760 اَفراد کو ہوم کورنٹین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے کورنٹین مراکز بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ365 اَفراد کو ہسپتال کورنٹین میں رکھا گیا ہے۔244کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 30,952 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق16,173اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔بلیٹن کے مطابق 14؍اپریل 2020ء کی شام تک 4,341 نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔بلیٹن کے مطابق ضلع سری نگر میں اب تک کورونا وائر س کے 73 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 62 سرگرم معاملات ہیں ۔10 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔اُدھر بانڈی پورہ میں اب تک 53 مثبت معاملات سامنے آئے ہی جن میں سے 44 سرگرم معاملات ہیں ، 8 مریض صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع بارہمولہ میں اب تک کورونامریضوں کی تعداد 40 ہوئی ہیں جن میں سے 39سرگرم معاملات ہیں اور ایک مریض کی موت واقع ہوئی ہے۔اِدھر بڈگام میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد اب تک 11ہوئی ہیںجن میں سے 9سرگرم ہیں اور دو صحتیاب ہوئے ہیں ۔پلوامہ ضلع میں کووِڈ ۔19کے تین معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے دو سرگرم ہیں اور ایک صحتیاب ہوا ہے ۔ضلع شوپیان میں 14 مثبت معاملات سامنے آئے ہیںجبکہ کپواڑہ میں 23مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں اور سبھی کے سبھی سرگرم معاملات ہیں ۔ اسی طرح گاندربل اور کولگام میں بالترتیب 5اور 5 مثبت معاملات پائے گئے ہیںاور اننت ناگ میں ایک مثبت معاملہ سامنے آیا ہے۔اسی طرح  جموں میں وائر س کے 23مثبت معاملات پائے گئے ہیں جن میں 20سرگرم ہیں اور تین شفایاب ہوئے ہیں۔اودھمپور ضلع میں اب تک کورونا مریضوں کی کُل تعداد 19 ہوئی ہیں جن میں سے 14معاملات سرگرم ہیں۔ چار صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔دریں اثنأ راجوری ضلع میں کورونا کے اب تک تین مریض پائے گئے ہیں جن میں دو سرگرم ہیں اور ایک صحتیاب ہوا ہے جبکہ سانبہ میں 04 مثبت معاملے کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ سب سرگرم معاملات ہیں اور کشتواڑ میں سامنے آیا ایک معاملہ پوری طرح سے صحتیاب ہوا ہے۔بلیٹن میںکہا گیاہے کہ یہ ترتیب اُن ضلعوں کی ہے جہاں سے مریضوں کا پتہ لگا ہے یا جہاں وہ عارضی طور پر رہائش پذیر ہے۔
 

 ڈاکٹر اور خاتون ملازمہ بھی مبتلا

جموں/سید امجد شاہ /جموں کے بترہ ہسپتال کا ایک ڈاکٹر اور ایک ملازمہ کو بھی کورونا میں مبتلا پایاگیاہے ۔ان دونوں کو چیسٹ ڈیزیز ہسپتال بخشی نگرمنتقل کردیاگیا ۔یہ دونوں اس متاثرہ مریض کے رابطے میں آئے تھے جس کا علاج بترہ میں چل رہاتھا کہ اسی دوران انہیں بھی کورونا میں مبتلا پایاگیا ۔دریں اثناء ایک بڑی راحت کے طور پر ٹکری اودھمپور کی فوتیدہ خاتون کے رابطے میں آنیوالے 18افراد کے ٹیسٹ منفی پائے گئے جن کے بارے میں وائرس میں مبتلا ہونے کا قوی شبہ ظاہر کیاجارہاتھا ۔ڈپٹی کمشنر اودھمپور پیوش سنگلا نے بتایاکہ مزید اٹھارہ ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور کورونا سے لڑنے کیلئے عوام کا تعاون مزید درکار ہے ۔
 
 

 نمونوں کو اکٹھا کرنے کے عمل میں تیزی 

سبھی اضلاع میں 800کا نشانہ مقرر:ڈائریکٹر صحت

سرینگر//ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر سمیرمتونے کہا ہے کہ کشمیر کے تمام اضلاع میں کووڈ 19 سے متعلق نمونوں کو اکٹھا کرنے کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کا محکمہ ایک دن میں 800 نمونے اکٹھا کرنے کا نشانہ مقرر کر چکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل کی بدولت کووڈ 19 مریضوں کو علاج و معالجہ و تشخیصی عمل فراہم کرنے میں بڑی راحت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے وادی کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے 157 لیب ٹیکنیشنوں کو ضروری تربیت فراہم کی اور ان اقدامات کی بدولت پچھلے پانچ دنوں میں صوبہ بھر میں نمونوں کو اکٹھا کرنے کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے ۔ ڈاکٹر متو نے کہا کہ اس عمل سے سی ڈی ہسپتال اور سکمز پر تشخیصی عمل کے بوجھ کو بڑی حد تک کم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ طبی نگہداشت ورکروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے خصوصی کلیکشن بوتھ تیار کئے گئے ہیں یہاں تربیت یافتہ ٹیکنیشن مناسب تحفظی لباس پہن کر مشتبہ افراد سے سائینسی بنیادوں پر نمونے اکٹھے کرتے ہیں اور انہیں تشخیص کیلئے مقرر شدہ کووڈ 19 ایمبولینسوں کے ذریعے لیبارٹریوں کو بھیجتے ہیں ۔ ڈاکٹر متونے تمام چیف میڈیکل افسروں کو ہدایت دی کہ وہ نمونوں کو اکٹھا کرنے کے عمل میں تیزی لائیں جو ایک دن میں 600 سے 800 تک پہنچ جانے چاہئیں۔ ڈائریکٹر نے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ ایسے مریض کے ساتھ کسی بھی تیماردار کو ساتھ رکھنے سے اجتناب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مریضوں کو باقاعدہ داخلے کے بعد ضروری ادویات ، صاف و شفاف کھانے پینے کی اشیاء مفت فراہم کی جاتی ہیں ۔ 
 
 

شکایتوں کا ازالہ ہیلپ لائن قائم

نیوز ڈیسک
 
سرینگر//حکومت نے کووڈ 19 سے متعلق تمام معاملات و شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے کشمیر صوبے میں ایک ہیلپ لائین /ہیلپ ڈیسک قائم کی ہے ۔ یہ سہولت لفٹینٹ گورنر کے مزیر بصیر احمد خان جو کورونا وائیرس کنٹرول کے انچارج بھی ہیں کی ہدایات پر قائم کی گئی ۔ سید فاروق احمد 7006776586  اور انیل گپتا  9797776541 کو ہیلپ لائین /ہیلپ ڈیسک پر اپنی خدمات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ہیلپ ڈیسک پر فون نمبر 0191-2549353 اور سائیٹ [email protected] پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔