۔8روز سے لاپتہ بانڈی پورہ کے سکول ٹیچر کی لاش جھیل ولر سے برآمد

بانڈی پورہ //8روزقبل پُراسرارطورپرلاپتہ ہوئے جواں سال اسکول ٹیچرکی نعش جھیل وُلرسے برآمد کی گئی۔ 27سالہ مشتاق احمدلون ولدعبدالرحمان لون ساکن گریزحال شیخ پورہ کالونی مانتری گام 13مئی کوگورنمنٹ ہائراسکنڈری اسکول چیونٹی مولہ ارن بانڈی پورہ  ڈیوٹی دینے کیلئے روانہ ہوا۔شام دیرگئے تک جب وہ واپس گھرنہیں پہنچاتواُسکے اہل خانہ نے اُسکی تلاش شروع کی ۔ جب اسکول انتظامیہ سے رابطہ کیا گیاتواُنہیں بتایاگیاکہ مشتاق احمدڈیوٹی پرحاضر نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے اسکے بعد پولیس  میںگمشدگی سے متعلق رپورٹ درج کرائی۔ 18مئی کواہل خانہ نے دوسرے لوگوں کے ہمراہ بانڈی پورہ گریزشاہراہ پراحتجاجی دھرنا۔سوموارکی صبح کچھ لوگوں نے لہروال گائوں کے نزدیک جھیل وُلرمیں ایک نعش دیکھی اورانہوں نے اسبارے میں پولیس کومطلع کیا۔پولیس ٹیم نے مقامی لوگوں کی مددسے نعش کوجھیل وُلرسے برآمدکرکے ضلع اسپتال بانڈی پورہ منتقل کیا،جہاںاس کی شناخت لاپتہ سکول ٹیچر کے بطور ہوئی۔ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے بتایاکہ ایف ایس ایل کی ٹیم نے جائے واردات پرجاکرکچھ نمونے حاصل کئے ہیں اور لاش کا پوسٹ مارٹم مجسٹریٹ کی موجودگی میں کیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ فی الوقت سی آر پی سی 174کے تحت تحقیقات شروع کی گئی ہے۔