پونچھ//لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر یو ٹی کی ہدایت پر 75 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت کی ہدایت پر پونچھ ضلع میں مختلف محکموں کے افسران تحصیل اور بلاک کی سطح پر تقریبات کا اہتمام کریں کر رہے ہیں تاکہ مختلف سرکاری سکیموں کو اجاگر کیا جا سکے۔ جشن آزادی کے موقع پر ڈی ڈی سی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے چیف میڈیکل آفیسر پونچھ غلام حسین ملک نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا جس کی صدارت ایس ڈی ایم مینڈھر ساحل جنڈیال نے کی۔ بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان کی قیادت میں منعقدہ پروگرام میں سرسوتی سنگیت کلا کیندر پونچھ کے فنکاروں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔اس دوران حب الوطنی کے گیت گنگنانے کے ساتھ آزادی کا امرت مہا اتسا،نشا مکت بھارت ، حفاظتی ٹیکہ جات اور بیٹی بچاؤ بیٹی پڑاؤ جیسی اسکیموں کے حوالے سے عوام کو بیدار کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی ایم ساحل جانڈیال نے کہا کہ دور دراز کے دیہات میں بھی اس قسم کے پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کی کاوشوں اور فنکاروں کی کارکردگی کو سراہا جنہوں نے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر حب الوطنی پر تمدنی،ثقافتی پروگرام پیش کئے۔