۔72گھنٹوں کی بندش کے بعد بازار کھل گئے

راجوری//جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی ہی طرح راجوری اور پونچھ اضلاع کے بازارپیر کی صبح تمام غیر ضروری خدمات کیلئے کھول دیے گئے جس کے بعد 72 گھنٹے کی بندش کے بعد بازار میں گاہکوں کا رش شروع ہو گیا اور سڑکوں پر عام ٹریفک کی نقل و حرکت دوبارہ شروع ہو گئی۔اس سے قبل’’ ویک اینڈ لاک ڈاؤن‘‘کیلئے پابندیاں جمعہ کی سہ پہر 2 بجے لگائی گئی تھیں جس کے بعد تمام غیر ضروری خدمات کو محدود کردیا گیا تھاجبکہ اس دوران سڑکوں پر ٹریفک کیساتھ ساتھ لوگوں کی آمد ورفت میں بھی کمی دیکھی جارہی تھی۔ان بندشوں کے دوران انتظامیہ کی جانب سے غیر ضروری خدمات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی تھی اور صرف ضروری خدمات ہی بحال رکھی تھی تھی  تاہم غیر ضروری خدمات بھی پیر کی صبح 6 بجے دوبارہ شروع ہوئیں جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندیاں ہٹا دی گئیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ پیر کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں کووڈ کے 74 نئے کیس درج کئے گئے ہیں جن میں راجوری میں 53 اور پونچھ ضلع میں اکیس کیس ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جڑواں اضلاع میں محکمہ صحت کی جانب سے کووڈ کے سلسلہ میں نمونے حاصل کرنے اور ان کی جانچ کا عمل بھی مسلسل جاری رکھا گیا ہے تاکہ وائرس کی تشخیص کی جاسکے ۔