۔7اہل خانہ کے قتل میں ملوث مفرور سابق اخوانی 23سال بعد گرفتار

 بانڈی پورہ // بانڈی پورہ  پولیس نے صدر کوٹ بالا میں 1996میں ایک ہی گھر کے 7افراد کو قتل کرنے میں ملوث مفرور شخص کو 23سال بعد کنگن سے گرفتار کر لیا ہے۔ ولی محمد میر ساکن صدر کوٹ بالا نامی شخص سابق سرکاری بندوق بردار تھا ، جس نے اپنے ہی گائوں میں دیگر ساتھیوں کی مدد سے ایک گھر میں گھس کر 2خواتین سمیت 7اہل خانہ کو گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔اس سلسلے میں سمبل پولیس تھا نے میں 125/1996کے تحت کیس درج کیا گیا تھا۔ اسکے خلاف ضلع سیشن کورٹ بانڈی پورہ کی جانب سے کئی بار سمن جاری کئے گئے لیکن وہ ہر وقت حاضر ہونے سے قاصر رہا۔مذکورہ سابق اخوانی 23سال سے مفرور تھا۔اسے بروالا کنگن گائوں سے حراست میں لیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ولی محمد، سابق اخوانی کمانڈر رشید بلا کی گینگ سے تھا، جنہوں نے صدر کوٹ بالا میں اجتماعی قتل کی واردات انجام دی تھی۔