۔64گھنٹوں کیلئے ہفتہ وار لاک ڈائون تیسری بار شروع

سرینگر// کورونا وائرس کی تیسری لہر پر قابو پانے کیلئے تیسری بار ہفتہ وار لاک ڈائون جمعہ  2بجے سے وادی اور جموں میں بیک وقت شروع کیا گیا جس سے معمولات متاثر رہے۔کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے کاروباری و تجاری سرگرمیاں مانند پڑ گئیں اور ٹرانسپورٹ کاپہیہ جام ہوگیا۔وادی میں جمعرات کو کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے ایک روز بعدہی جمعہ کو بعد از نماز قریب 2بجے ایک بار پھر کاروباری و تجارتی سرگرمیاں بند ہوئیں۔سری نگرسمیت سبھی 10 اضلاع کے ضلعی وتحاصیل صدرمقامات پرلائوڈ اسپیکروںکے ذریعے اعلان کیاگیاکہ تاجر اپنے دکانات ودیگرتجارتی مراکز فوراًبند کرکے گھروں کوچلے جائیں۔ٹرانسپورٹروں سے کہاجارہاتھاکہ گاڑیوں کوسڑکوں پرہٹا دیں جبکہ عام لوگوں سے یہ اپیل بار بارکی جارہی تھی کہ وہ کوروناسے بچنے سے کیلئے تمام لازمی احتیاطی اصولوں وہدایات پرعمل کرتے ہوئے گھروںمیں ہی رہیں ۔پولیس گاڑیوں میں کئے جارہے اعلانات کے بعدسرینگرسمیت پوری کشمیرمیں تمام بازار سنسان ہوگئے اورسڑکوں پرنجی ومسافر ٹرانسپورٹ کی نقل وحرکت بھی کم ہوتے ہوئے شام تک بند ہو گئی ۔ سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کی جانب سے جمو ں و کشمیر میں ہر جمعہ دوپہر2 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔2بجے کے بعدسرینگر شہر میں پولیس گاڑیاں2 بجے سے قبل ہی بازاروں کا گشت کر رہی تھیں جن کے ذریعہ2بجے کے بعد لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کیا جارہا تھا۔ وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات اور قصبہ جات میں بھی2بجے کے بعد بازار بند ہوگئے اور سڑکوں پر بھی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل تھم گئی۔جموں شہر میں بھی اسی طرح کی صورتحال تھی لیکن شہر میں لاک ڈائون نظر نہیں آرہا تھا۔  مسافر گاڑیاں شام تک چلتی رہیں،  بیشتردکانیں کھلی تھیں، ہوٹل کام کررہے تھے، اور لوگوں کی نقل و حرکت بھی معمول کے مطابق جاری رہی۔جموں کے جیول چوک، رگھو ناتھ بازار، سٹی چوک، شالیمار روڑ،بی سی روڑ، تالاب تلو، جانی پور، ریہاڑی،پرکھو،نہر کے آس پاس، گاندھی نگر اور دیگر کئی علاقوں میں 2بجے سے شروع ہونے والے لاک ڈائون کا جزوی اثر دیکھنے کو ملا۔اسی طرح کی صورتحال کھٹوعہ، سانبہ، ہیرا نگر، وجے پور،گنگیال،ادہمپور، رام بن، نگروٹہ، راجوری، پونچھ، ریاسی، کٹرہ، مینڈھر،سرنکوٹ میں بھی دیکھی گئی۔