۔5پنچایتوں پر مشتمل کلسٹر ماڈل ولیج کیلئے ٹینڈرلگانے میں تاخیر

 مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے چھونگاں کالابن علاقہ کی کئی پنچایتوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 2021میں کلسٹر ماڈل ولیج بنانے کے عمل کو منظور ی دی گئی تھی لیکن ابھی تک مذکورہ ماڈل ولیج کیلئے ٹینڈر لگانے کا عمل شروع ہی نہیں کیا جاسکا ہے ۔سرپنچ فیضا آباد نے بتایا کہ ماڈل ولیج کی تعمیر کیلئے 2کروڑ روپے کے فنڈز کو بھی منظور کر دیا گیا ہے لیکن ضلع انتظامیہ و متعلقہ حکام کی جانب سے تعمیر اتی کاموں کی ٹینڈر نگ کا عمل شروع ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹینڈروں کے سلسلہ میں انہوں نے کئی مرتبہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کیساتھ ساتھ دیگر آفیسران سے رجوع کیا ہے لیکن سبھی آفیسران ٹال مٹول کر کے وقت گزار رہے ہیں ۔پنچایتی اراکین نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آفیسران کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے منظور شدہ رقم واپس جاسکتی ہے جبکہ چھونگاں اور کالابن کی 5پنچایتوں کی عوام گزشتہ کئی ماہ سے بنیادی سہولیات ملنے کے انتظار میں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دیہات پہلے سے ہی ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں لیکن انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ابھی تک رقم منظور ہونے کے بعد بھی ان کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر جلدازجلد تعمیراتی عمل شروع نہیں کیا گیا تو سبھی پنچایتوں کی عوام جمع ہو کر ضلع انتظامیہ کیخلاف بڑا احتجاج شروع کرئے گی ۔