پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے24گھنٹوں کے دوران 18اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ کشمیر صوبے کے 2اضلاع میں30افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 53ہزار 889ہوگئی ہے۔ اس دوران مسلسل 27ویں دن بھی وائرس سے کسی کی جان نہیں گئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4750بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران 30افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جو سبھی کشمیر صوبے سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ جموں صوبے مسلسل 5ویں دن بھی کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے کے 10اضلاع میں ضلع جموں، ادھمپور، پونچھ ، راجوری، ڈوڈہ، کٹھوعہ ، کشتواڑ ، رام بن ، ریاسی اور سانبہ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار273ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل 27ویں دن بھی کسی کی جان نہیں گئی ہے ۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔ کشمیر صوبے کے 8اضلاع جن میں بڈگام،پلوامہ، کپوارہ، اننت ناگ،بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں30افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے30افراد میں 24این آئی ٹی سرینگر میں سنیچر دیر شام گئے مثبت قرار دئے گئے تھے جبکہ دیگر 6افراد کی رپورٹیں اتوار کو مثبت آئی ہیں۔ کشمیر صوبے کے 30متاثرین میں سرینگر میں29جبکہ بارہمولہ میں ایک شخص کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار 7616ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 37ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔
ملک میں کوروناکیسز
۔1054مثبت،29ہلاکتیں
یو این آئی
نئی دہلی//ملک میں کورونا وائرس کے نئے معاملات کے اتار چڑھا کے درمیان، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1054 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر چار کروڑ 30 لاکھ 35 ہزار 271 ہو گئی ہے۔ ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 11 ہزار 132 ہے۔ملک میں میں اب تک کل 79 کروڑ 38 لاکھ 47 ہزار 740 کووڈ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ وہیں اس دوران 29 مریضوں کی موت کے بعد اس مہلک وائرس سے جان گنوانے والوں کی کل تعداد 521685 ہو گئی ہے۔