سمت بھارگو +پرویز خان
سرینگر// سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین نے پریس کالونی میں احتجاج کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں کو واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ علامتی احتجاج کررہے ہیں اور انہوں نے ایک ہفتے تک انتظا میہ کو چار مہینوں کی تنخواہوں کی واگذار ی، سا تویں پے کمیشن اور کنسالڈیٹیڈ ملازموںکی مستقلی کے حوالے سے نوٹس دی تھی لیکن وہ اُن مانگوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے جس کے نتیجے میں وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے۔ ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے ’’تنخواہ کو واگذار کرو، ورنہ کرسی چھوڑ و‘‘وغیرہ جیسے نعرے لگائے۔مظاہرین نے کہا کہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین پچھلے5مہینوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے چلتے انہیں فاقہ کشی کا شکار ہونا پڑ رہا ہے۔انہوں نے مانگ کی ان کے مطالبات کو جلد از جلد پورا کیا جائے بصورت دیگر وہ سڑ کوں پر نکلنے کیلئے مجبور ہو جائیں گے۔ احتجاجیوںنے کہا ،’’ 750 ملازمین ہیں جنہوں نے رضاکارانہ طور پر ملازمت سے سبکدوشی اختیار کی تھی مگر محکمہ فائنانس اور جے کے ایس آر ٹی سی کی ٹال مٹول پالیسیوں کی وجہ سے غریب ملازمین پس رہے ہیں‘‘۔