ّترال //آری پل تحصیل کیلئے 5سال قبل سرکار نے رسیونگ اسٹیشن تعمیر کرنے کی منظوری دیکر اس حوالے سے رقومات بھی واگزار کی گئیں لیکن 5سال گزر جانے کے باوجوکا رسیونگ اسٹیشن تعمیر نہیں ہو سکا جس کے نتیجے میں تحصیل میں ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ 2015میں سرکار نے آری پل سمیت ترال میں3رسیونگ اسٹیشن تعمیر کرنے کے حوالے سے اعلان کیا جس میںعوام کے مطابق 2رسیونگ سٹیشن تعمیر ہوئے لیکن آری پل تحصیل کا رسیونگ اسٹیشن منظوری ملنے کے باجود تعمیر نہیں ہو سکا ہے جس کے نتیجے میں علاقے کے متعدد گائوں ودیہات جن میں آری پل،واگڈ، پستونہ،ڈار گنائی گنڈ،ستورہ، جواہر پورہ لام ،گٹنگو،حاجن ،ناستان،بنگ ڈار،ناگ ناڈ،وانٹی ون ،زسبل ،ینگونی،درم گنڈ،گڈپورہ،وغیرہ کے پورے تحصیل کے لوگوں کو بجلی سپلائی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ایک شہری ریاض احمد کاکہنا ہے کہ علاقہ کو لرگام رسیونگ اسٹیشن سے آج بھی بجلی فراہم کی جاتی ہے جو اوور لوڈ کی وجہ سے بار بار خراب ہوتا ہے اور نتیجے کے طور یہاں کی وسیع آبادی کو ہر موسم خاص کر موسم سرما میں تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ انہیں رسیونگ اسٹیشن کو تعمیر نہ کرنے کی وجوہات کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا جا رہا ہے ۔ لوگوںنے کہاکہ محکمہ انہیں کہتا ہے یہ ہمارے تحت نہیں آتا ہے جب دوسرے محکمے کے پاس جاتے ہیں تو وہ محکمہ انہیں کہتا ہے کسی اور محکمے کے پاس جاو کا بہانہ بنا کر عوام کو درپیش اس سنگین صورتحال سے خلاصی نہیں ہوپارہی ہے ۔علاقے سے تعلق رکھنے والے معمر شہریوں نے کہاکہ انہوںنے ’’بیک ٹو ولیج‘‘ ،مقامی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے منعقد ہونے والے درباروں میں بھی اس مسئلے کو اجاگر کیا تاہم تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس کی وجہ سے مقامی لوگ دور جدید میں بھی مشکلات سے دوچار ہیں ۔قابل ذکر بات یہ ہے اب اس مسئلے نے ایک ایسا رخ اختیار کیا ہے اورڈی ڈی سی انتخاب میں کئی سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں نے اسے منشور میں شامل کیا ہے ۔عوامی حلقوںنے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ آری پل میں رسیونگ اسٹیشن کوتعمیر کیا جائے تاکہ لوگوں کو یہ احساس ختم ہو جائے کی سرکار دیہی آبادی کے لوگوں کی مشکلات کو نظر انداز نہیں کر رہی ہے۔
۔5سال قبل آری پل میںمنظور کیاگیا رسیونگ سٹیشن تعمیر کا منتظر
