۔5روز میں چوتھی بار پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بڑھیں | مجموعی طور پر3روپے 20پیسے کا اضافہ کیا گیا

نئی دہلی //پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پچھلے 5روز سے سنیچر کو چوتھی بار فی لیٹر 80پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے اور ابتک 3روپے 20پیسے کا اضافہ کیا جاچکا ہے۔حکومت نے پہلے ہی گھریلو رسوئی گیس  کے فی سلنڈر میں یکمشت 50روپے کا اضافہ کردیا ہے۔ملک میں 50ماہ تک پیٹرول اور ڈیزل میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا لیکن 22 مارچ کو پٹرول اور ڈیزل میں فی لیٹر 80پیسے کا اضافہ کیا گیا۔دوسرے دن 23 مارچ کو بھی اسی حساب سے اضافہ کیا گیا۔24مارچ کو قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں البتہ 25 اور 26 مارچ کو لگاتار پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 80پیسے فی لیٹر کے حساب سے بڑھائی گئیں۔ پانچ ریاستوں میں انتخابات ختم ہونے کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔انڈین آئیل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول 98.61 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل  89.87 روپے فی لیٹر فروخت ہونے لگا ہے۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 113.35 روپے ہو گیا ہے۔ دہلی کے علاوہ ملک کے دیگر تمام اہم شہروں میں پٹرول 100 روپے فی لیٹر سے زیادہ فروخت ہو رہا ہے۔ ادھر کانگریس کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور پارلیمنٹ میں بھی صدائے احتجاج بلند کر کے قیمتوں میں اضافہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پارلیمانی اجلاس کے دوران بھی کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے ارکان پارلیمنٹ تحریک التوا کا نوٹس پیش کر کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بحث کرانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔