۔5روز بعد لداخ شاہراہ بحال

کنگن//434کلو میٹر سرینگرلیہہ شاہراہ بدھ کو 5روز بعد گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھول دی گئی۔ بدھ کو کرگل اور دراس میں درماندہ پڑی چھوٹی بڑی گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔ جمعہ کو وادی کے بالائی علاقوں میں غیر متوقع برفباری کی وجہ سے ٹریفک حکام نے سرینگر لداخ شاہراہ کو احتیاطی طور پر آمدورفت کے لئے بند کردیا تھا جس کے نتیجے میں لداخ شاہراہ کے دونوں اطراف سینکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیاں درماندہ رہیں۔ منگل کی شام زوجیلا، گمری، منی مرگ اور دراس میں برف ہٹائی گئی۔ٹریفک پولیس سونہ مرگ نے بتایا کہ دراس میں درماندہ 800چھوٹی بڑی گاڑیوں کو سرینگر کی طرف روانہ کیا گیا۔زوجیلا میں دن بھر برفانی ہوائیں چلتی رہیں۔ ٹریفک پولیس سونہ مرگ کے انچارج انسپکٹر نویت ورما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سونہ مرگ سے کرگل کی طرف کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر موسم سازگار رہا توجمعرات کو سونہ مرگ سے کرگل کی طرف گاڑیوں کو چھوڑ دیا جائیگا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کرگل سنتوش سوکھدیو نے بتایا کہ سرکاری محکموں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ 15 نومبر سے قبل سارا سٹاک جمع کرے تاکہ برفباری کے دوران کرگل ضلع کے عوام کو کسی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے