سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی ،پیپلز پولیٹکل پارٹی اور ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ جموں کشمیر میں سلامتی کونسل کی اُن قرار دادوں کو عملایا جائے جو متنازعہ خطے کے بارے میں وقتاً فوقتاً پاس کی گئی ہیں اور جن میں5جنوری 1949کی پاس کردہ قرار داد اہمیت کی حامل ہے۔پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بین الاقوامی برادری جموں کشمیر کے عوام کو وہ موقع فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے جس کے ذریعے وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرسکیں جیسا کہ اُن کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پلیٹ فارم سے وعدہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ رائے شماری کا وعدہ کیا گیا، تب سے متنازعہ خطے کے اندر ہلاکتوں اور زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر جوں تک نہیں رینگتی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ کشمیریوں کی داد رسی کی جائے اور اُنہیں اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے ۔پیپلز پولیٹکل پارٹی چیرمین ہلال احمد وار نے مسئلہ کشمیر کو نیوکلیئر فلش پوائنٹ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سمیت اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس دیرینہ مسئلہ کو کشمیریوں کی اُمنگوں اور خواہشات کے عین مطابق حل کرانے میں اپنا منصبی کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ 1949 میں آج ہی کے دن اقوام متحدکی سیکورٹی کونسل نے کشمیر تنازعہ سے متعلق قرار داد پاس کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرکے کشمیری عوام کو یہ حق فراہم کیا کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کریں ۔انہوں نے بتایا کہ 5جنوری کو کشمیری یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ رواں جد جہد آزادی کو اپنے منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ نے کہا کہ 70 برسوں سے جاری ظلم و ستم کو برداشت کرنا کسی بھی قوم و ملت کے لئے آسان نہیں ہے لہٰذا اقوام متحدہ اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت یقینی ہندوستان کو چاہئے کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کو اس کے لوگوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق انسانی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کرے ۔