منڈی//خطہ پیر پنچال کو وادی سے ملانے والی تیسری شاہراہ لورن ٹنگمرگ سڑک پر ایک سال سے تعمیر کام بند پڑا ہوا ہے ۔42کلو میٹر لمبی لورن ٹنگمرگ سڑک کو 2020 میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا لیکن ساڑھے 4سال کے عرصے کے دوران محض 15 کلو میٹر سڑک کی تعمیر ہی ممکن ہوسکی ہے۔واضح رہے کہ لورن ٹنگمرگ سڑک کی تعمیرکاکام 21 نومبر 2015 میں شروع کیا گیا ، جس کی سنگ بنیاد اسوقت کے ریاستی وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کے ہاتھوں رکھی گئی تھی۔ انہوں نے اسوقت بیکن ( گریف) کو سڑک کی تعمیر مقررہ مدت کے اندرمکمل کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے تھے لیکن گزشتہ ساڑھے چار برس میں سڑک کی تعمیر محض 15 کلو میٹر ہی ہو پائی ہے۔محکمہ بیکن سڑک کی تعمیر انتہائی سست روی کیساتھ کررہی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کو ہر سال صرف 5کلو میٹر سڑک کی تعمیر کرنے کا ہدف دیاگیا ہے۔تاہم معلوم ہوا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے دوران محکمہ جنگلات کی اراضی کی کٹائی کرنی تھی جس کی محکمہ جنگلات نے اجازت نہیں دی۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ جنگلات سے مشاورت کے بعد اس معاملے کو اب سلجھایا گیا ہے۔محکمہ بیکن ذرائع نے بتایا کہ اگلے تین یا 4برسوں کے دوران اب شاہراہ کو مکمل کیا جائیگا، تاہم معلوم ہوا ہے کہ شاہراہ کی تعمیر پر ابھی صرف 20لوگ کام کررہے ہیں اور اسے مکمل کرنے کے دعووں کی زمینی سطح پر تکمیل ہونی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امسال کورونا وائرس کی وجہ سے شاہراہ پر کام متاثر ہوگیا ہے۔لورن ٹنگمرگ شاہراہ کی تعمیر نہ صرف ایک اور متبادل شاہراہ کے طور پر کام کریگی بلکہ یہ خطہ پیر پنچال خاص طور پر ضلع پونچھ کے عوام کے لئے کافی زیادہ اہم ثابت ہوگی۔ مغل شہراہ کے بعد خطہ پیر پنچال کو آپس میں ملانے والی یہ کم مسافت والی دوسری شاہراہ ہوگی جس سے خطہ پیر پنچال کے عوام کو سفر کرنے میں کافی زیادہ آسانی ہوگی ۔یہ شاہراہ لورن،بڑاپتھر،جمیاں والی گلی،بھسم گلی سے ہوتی ہوئی وادی کشمیرکے ٹنگمرگ علاقہ سے جا ملے گی ۔فی الوقت شاہراہ کی تعمیر بڑا پتھر مقام تک بھی نہ ہوسکی ہے۔شاہراہ پر تعمیر میں کام میں بیکن کی سست روی پر پونچھ کے عوام نے احتجاج کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ اس شاہراہ کی تعمیرکے کام میں سرعت لائی جائے تاکہ اسے مقررہ وقت میں مکمل کیا جاسکے۔لوگوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ کی تعمیر کا کام کسی تعمیراتی کمپنی کو دینا تھا کیونکہ بیکن سست رفتاری کیساتھ اپنا کام کررہا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ بیکن کے آفیشیٹنگ کمانڈر گورو مہتا نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر 15 کلو میٹر مکمل کی جا چکی ہے جبکہ 27 کلو میٹر کی تعمیر ابھی باقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر پر 70کروڑ سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے لیکن شاہراہ کی تعمیر پر لاگت میں اضافہ ہونا یقینی ہے کیونکہ وقت پر سڑک مکمل نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر انہیں 30 سے 35 کروڑ روپے کی ضرورت ہے لیکن سرکار کی جانب سے انہیں رقوم مہیا نہیں ہورہی ہیں۔تاہم انکا کہنا تھا کہ 15کلو میٹر تک سڑک کے کناروں پر کام کیا جارہا ہے اور بہت جلد اس پر میکڈم بچھایا جائیگا۔
۔42کلو میٹرلورن پونچھ ٹنگمرک سڑک پر ایک سال سے کام بند
