۔4 روز بھی بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوںمیں برفباری و بارشوں کا سلسلہ چوتھے روز بھی بدستور جاری رہا جسکے سبب ضلع بھر میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی ہے۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق اگرچہ جمعہ کی صبح موسم ابرآلود رہاتاہم بعد دوپہر دوبارہ برفباری و بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔ بالائی علاقہ جات مڑواہ واڑون، دچھن ،کیشوان وپاڈرمیں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے ان علاقہ جات میں گزشتہ کئی روزسے عام زندگی بری طرح مفلوج ہوچکی ہے۔سب ڈویژن چھاترو پاڈر و   دچھن علاقہ جات سے ملی تفصیلات کے مطابق ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی اور کئی علاقے ہنوز گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اگرچہ چند مقامات پر بجلی کا دیدار محض چند گھنٹوں کیلئے نصیب ہوا جسکے بعد دوبارہ بجلی گل ہوئی۔ضلع کے دیگر علاقہ جات میں بھی عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔میدانی علاقہ جات میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا۔ درابشالہ میں بارشوں و برفباری نے تباہی مچادی ہے ۔جہاں کھوری سڑک پسیاں گرآنے کے سبب آمدورفت کیلئے بند ہوئی ہے وہیں چلسو ٹٹانی سڑک بھی درخت گرآنے کے سبب بند ہوئی ہے جسکے بعد مقامی لوگوں نے احتجاج کیا اور بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے دوران انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا تھاکہ اسے خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔درابشالہ علاقہ میں کئی مکانات کوبھی نقصان پہنچا ہے جن میں پنچایت ٹٹانی کے محمد شفیع، تسکین احمد، شہنواز حسین و صابر دین کے مکانات کو جزوی و بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاہے جبکہ میوہ درختوں کو بھی نقصان پہنچاہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے سڑکوں کو جلد آمدورفت کے قابل بنانے و بجلی ،سڑک ،طبی سہولیات وپانی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔