عظمیٰ نیوز سروس
ہیرا نگر// مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب وزیر اعظم نریندر مودی نے خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں سب سے زیادہ ترجیح دی ہے اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر کے انہوں نے جموں و کشمیر کی بیٹیوںکے حقوق یقینی بنائے ہیں اور اس کے بعد وہ اپنے والدین کی زمین اور جائیداد میں حصہ لینے کا بھی حقدار ہوں گے جس سے وہ آرٹیکل 370 کی آڑ میں تقریباً سات دہائیوں سے محروم تھے، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس جموں کی بیٹیوں کے جائز حقوق چھیننے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ بی جے پی کے امیدوار ایڈوکیٹ وجے شرما کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ آج کے دور اور وقت میں جب ہندوستان نے 21ویں صدی میں ایک عالمی مقام حاصل کیا ہے، کانگریس اور نیشنل کانفرنس اب بھی پدر شاہی نظام کی جانب جانا چاہتے ہیں ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وزیر اعظم مودی کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم کی پہل کے تحت نہ صرف گیس سلنڈر فراہم کرنے والی اجولا یوجنا، پردھان منتری آواس یوجنا، گھریلو خواتین کے نام پر پکے گھر فراہم کرنے جیسی اسکیموں کا سلسلہ شروع کیا ہے بلکہ انہوں نے یہ بھی جرات مندی سے کام لیتے ہوئے پارلیمنٹ میں بھی خواتین کی ریزرویشن کو یقینی بنایا ہے ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جے اینڈ کے اسمبلی کے لئے بی جے پی سنکلپ پاترا کا بھی حوالہ دیا جس میں خواتین کے لئے 18000 روپے کی امداد کا وعدہ کیا گیا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس سماج میں صنفی بنیاد پر تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی جموں و کشمیر کی خواتین کو اس طرح سے بے اختیار کرنے کی کبھی اجازت نہیں دے گی اور پورا معاشرہ اجتماعی طور پر اس ڈیزائن کے خلاف اٹھے گا۔موصوف نے کہاکہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے مذہب، برادری اور ذات کے نام پر سماج میں تقسیم پیدا کرکے اپنی پارٹی کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ اب جب کہ لوگوں نے اس ڈیزائن کو دیکھا ہے، وہ ایک قدم اور آگے بڑھ کر جنس کی بنیاد پر تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب وزیر اعظم مودی نے بار بار ہم وطنوں کو یاد دلایا ہے کہ ہندوستان کو دنیا کی چوٹی پر چڑھنا اور تیسرا سب سے بڑا ملک بننا ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یاد دلایا کہ ہیر نگر محب وطنوں کی سرزمین ہے اور یہاں سے پریم ناتھ ڈوگرہ نے جموں و کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ مکمل انضمام کی تحریک شروع کی تھی۔