۔350طلاب اور 40ہزار مزدور جموں وکشمیر کے باہر درماندہ

 جموں // لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مر مو نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک کے دیگر علاقوں میں جموں کشمیر کے 350طلاب اور 40ہزار مزدور درماندہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے ضلع پٹھانکوٹ میں درماندہ جموں کشمیر کے 1211 لوگوں کو پنجاب روڈ ویز کی گاڑیوں میں لکھن پور پہنچا کر اپنے اپنے گھروں کو روانہ کیا گیا۔ ان سبھی شہریوں نے پٹھانکوٹ کے مختلف کورنٹین سنٹروں میں 21 دن گذارے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان میں 350افراد کا تعلق کشمیر صوبے سے تھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جن لوگوں کو واپس لایا جائیگا، کو بہر صورت ٹیسٹ کرنا پڑیگا اور انہیں گھر قرنیطن میں بھیجا جائیگا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر اُن لوگوں کی اپنے مقامات پر سکریننگ نہ کی گئی ہو  تو انکی ٹیسٹنگ کی جائیگی تاکہ وپ اپنے اہل خانہ کیلئے خطرہ نہ بن سکیں۔مر مو نے مزید کہا کہ  بنگلہ دیش، ایران اور دیگر ملکوں میں رہ رہے لوگوں میں سے بیشر واپس آگئے ہیں، جنہیں جیسلمیر اور ممبئی میں رکھا گیا ہے جبکہ دیگر لوگوں کو بنگلور، چینئی اور نوئیڈا اور آگرہ میں رکھا گیا ہے۔مرمو نے کہا کہ ہم دیگر ریاستوں میں پھنسے مزدوروں کے اعدادوشمار جمع کررہے ہیں اور جموں کشمیر سے باہر 30سے 40 ہزار مزدور در ماندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سبھی کو واپس لانے کی کوشش ہورہی ہے اور انتظامیہ منصوبہ ترتیب دے رہی ہے۔