۔35اے کیساتھ چھیڑ چھاڑ ناقابل برداشت:بار سرنکوٹ

سرنکوٹ//بار ایسو سی ایشن سرنکوٹ نے آئین ہند کے دفعہ 35اے کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کو ناقابل برداشت قراردیتے ہوئے اس کے تحفظ پر زور دیاہے ۔ سرنکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بار کے صدر یاسر جنجوعہ نے کہاکہ مرکزی حکومت کشمیر کے حالات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے اور اگر اس دفعہ کی تنسیخ ہوئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بجائے منفی اقدامات کے مثبت پالیسی پر عمل کیاجائے اورپہلے سے مشکل حالات سے دوچار ریاست جموں و کشمیر میں امن کے قیام کی کوششیں کی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ریاست کے خصوصی درجہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوئی تو اس کا نقصان ریاستی عوام کو ہوگا اور تجارت پیشہ افراد سب سے زیادہ متاثر ہوںگے ۔پریس کانفرنس میں مرتضیٰ خان ، ممتاز حسین شاہ ، انظار قریشی ، اخلاق حسین شاہ ، اعجاز خان ، شیراز بجاڑ ، ماہر علی شاہ ، وسیم اکرم ، شوکت کوہلی ، افتخار حسین شاہ وغیرہ بھی تھے ۔