۔31جنوری کو ہلکی بارش وبرفباری کا امکان

سرینگر // 40 روزہ چلہ کلان رخصت ہونے تک وادی میں کوئی بڑی موسمیاتی تبدیلی رونما ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں 29 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بہتری جبکہ شبانہ سردیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 30 جنوری کو موسم ابر آلود رہے گا جبکہ 31جنوری کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ کچھ ایک جگہوں پر موسم ابرالود رہے گا جبکہ جموں میں 29 جنوری تک دھند چھائی رہے گی ۔ ادھر وادی کے بیشتر علاقوں میں خشک موسم کے بیچ دوران شب کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں ہوئیں جبکہ بعض علاقوں بشمول گلمرگ میں ہلکی برف باری ہوئی۔کپواڑہ اور کوکرناگ کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 2.8 ڈگری تھا ۔ گلمرگ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.8 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی اور وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.2 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔سیاحتی مقام پہلگام میں 1.1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8ڈگری تھا ۔کوکرناگ میں 3.5سنٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4ڈگری تھا ۔