۔3پنچایتوںاور 7ہزار کی آبادی پر مشتمل نکہ منجہاڑی گائوں

مینڈھر //مینڈھر کے نکہ منجہاڑی گائوں میں تمام بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔3پنچایتوں اور 7ہزار کی آباد ی پر مشتمل گائوں کے مقامی لوگوں نے ریاستی حکومت اور ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک بڑی آبادی والے علاقے کو تمام بنیادی سہولیا ت سے دور رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ گائوں کی زیادہ تر آبادی پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکی ہے ۔ان تینوں پنچایتوں کے 3600ووٹر ہیں جبکہ ان پنچایتوں میں نکالی گئی سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی مشکل وقت یا بارشوں کے دنوں میں ان سڑکوں پر پیدل چلنا بھی دشوار ہو جاتا ہے جبکہ ایسے مشکل حالات میں مریضوں اور طلباء کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ان تینوں پنچایتوں میں بجلی نظام بھی ناقص ہو چکا ہے جبکہ ترسیلی لائنیں بھی کئی ایک مقامات پر سبز درختوں کیساتھ باندھی ہو ئی ہیں جبکہ پانی کی غیر معیاری سپلائی کی وجہ سے بھی مقامی لوگوں کی روز مرہ کی زندگی صرف بنیادی سہولیات کی دستیابی میں ہی گزر جاتی ہے ۔بنیادی سہولیات کے فقدان کی شکایت کرتے ہوئے راجہ وسیم خان ،شمیم خان اور اشتیاق خان نے کہاکہ ان تینوں پنچایتوں میں بجلی ،پانی اور سڑکوں کی خستہ حالی کیساتھ ساتھ تعلیم نظام بھی معیاری نہیں ہے جس کی وجہ سے غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ گائوں میں ایک ہی ہائی سکول قائم کیا گیا ہے جبکہ مقامی آبادی کی جانب سے مزید ہائی سکول اور ہائر سکینڈری سکول قائم کرنے کیلئے لمبے عرصہ سے مانگ کی جارہی ہے لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان پنچایتوں میں طبی خدمات بھی معیاری نہیں ہیں اور کوئی بھی بڑا ہسپتال قائم نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے چھوٹی چھوٹی بیماریوں کیلئے لوگوں کو مینڈھر اور سرنکوٹ کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے محکمہ پی ڈی ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مقامی لوگوں کی جانب سے کرایہ دینے کے باوجود بھی بجلی کی معیاری سپلائی فراہم نہیں کی جاتی ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ اور ریاستی گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نکہ منجہاڑی میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔