۔3طلبہ پیلٹ کے تازہ شکار

 سرینگر/پرویز احمد/ پلوامہ میں فورسز کی طرف سے ڈگری کالج پر یلغار کے خلاف سوموار کو وادی کے مختلف کالجوں میں طلبہ کے احتجاجی مظاہروں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی طرف سے کی گئی شلنگ اور لاٹھی چارج سے متعدد زخمی طالب علموں میں سے 10کو سرینگر کے مختلف اسپتالوں میں علاج و معالجے کیلئے داخل کیا گیا جن میں 3 طالب علم پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔ صدر اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے بتایا کہ صدر اسپتال میں 7زخمیوں کا اندراج کیا گیا جن میں 3 کو پیلٹ لگنے کی وجہ سے چوٹیں آئی ہیں۔ ڈاکٹر نذیر چودھری نے کہا کہ پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہونے والے تین نوجوانوں میں سے باسط احمد کی ایک آنکھ میں پیلٹ لگا ہے۔ادھر شہر خاص کے جواہر لال نہرومیموریل اسپتال میں زخمی تین طالبات کا علاج و معالجہ کیا گیا ۔سپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر ندیم نے بتایا کہ اسپتال میں لائی گئیں 3 طالبات کا علاج کیا گیا جو معمولی طور پر زخمی ہوئیں تھیںاور مرہم پٹی کے بعد انہیں گھر روانہ کیا گیا ہے۔