۔3زرعی قوانین کی واپسی پر کابینہ کی مہر

نئی دہلی //مرکزی کابینہ میں تینوں زرعی قوانین کو رول بیک کرنے والے بل کو منظوری دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ 19 نومبر کو گرونانک جینتی کے موقع پر ملک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ اب کابینہ میں منظور شدہ ’زرعی قوانین کی منسوخی بل2021‘کو پارلیمان کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا میں 29 نومبر سے شروع ہونے والے  سرمائی اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کابینہ میٹنگ کے بعد بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی کابینہ نے تین زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کیلئے رسمی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔مختصر پریس بریفنگ کے دوران انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ وزیر اعظم کی قیادت میں مرکزی کابینہ نے تین زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کیلئے رسمی کارروائیاں مکمل کیں۔ پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس کے دوران ان تینوں قوانین کو واپس لینا ہماری ترجیح ہوگی۔