۔3روز کی بہتری کے بعد راتیں پھر سرد | وادی کے طول وعرض میں شبانہ درجہ حرارت میں پھر گراوٹ

سرینگر // 3روز تک دن اور رات کے درجہ حرارت میں بہتری کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ آگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے تین روز قبل بتایا تھا کہ آئندہ چند روز میں شبانہ درجہ حرارت میں دوباری کمی آئے گی۔جو امکان ظاہر کیا گیا تھا، بالکل اسی کے مطابق سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کا درجہ حرارت 11.9ڈگری رہا ۔اہل وادی نے گزشتہ تین روز کے دوران درجہ حرارت میں بہتری کے بعد 55روز کے بعد راحت کی سانس لی تھی لیکن گزشتہ رات کے دوران درجہ حرات میں یک مرتبہ پھر کمی واقع ہوئی۔شبانہ سردی کے بعداتوار کو دن بھر دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو راحت نصب ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیاجو اس سے قبل کی رات منفی 0.3 تھاجبکہ شہر میں دن کے درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے اور یہاں دن کا درجہ حرارت  11.9ڈگری تک جا پہنچا ہے ۔سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.5 ڈگری اور دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 5.4 ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.5 ڈگری سیلسیش اور زیادہ سے زیادہ  9.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.7ڈگری سیلسیش اور زیادہ سے زیادہ 13.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔اسی طرح قاضی گنڈ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.3 ڈگری سیلسیش اور دن کا زیادہ سے زیادہ  11.0ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا  ۔کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ  9.4ڈگری تک جا پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم خشک رہنے کے نتیجے میں آنے والے کچھ دنوں میں رات کے درجہ حرارت میں معمولی گراوٹ آسکتی ہے تاہم دن میں دھوپ کھلنے سے لوگوں کو سردی سے قدر راحت نصب ہو سکتی ہے۔