۔3برسوں سے کوٹرنکہ کالج کی تعمیر کا عمل التوا کاشکار

کوٹرنکہ // کوٹرنکہ سب ڈویژن میں انتظامیہ کی جانب سے منظور شدہ گور نمنٹ ڈگری کالج کی تعمیر کا عمل گزشتہ 3برسوں سے شروع ہی نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے طلباء کی پڑھائی کا عمل بُری طرح سے متاثر ہو رہا ہے ۔2019میں جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے جموں وکشمیر کے متعدد علاقوں میں عوامی مانگوں کے تحت کئی کالجوں کا سنگ بنیاد رکھا تھا جبکہ مذکورہ قدم کے تحت ہی کوٹرنکہ میں بھی کالج کا قیام عمل میں لایا گیا تھا لیکن سنگ بنیاد رکھنے کے بعد سے کالج کی تعمیر کیلئے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔عمارت کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے کالج میں زیر تعمیر طلباء گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول کوٹرنکہ میں زیر تعلیم ہیں ۔والدین نے بتایا کہ کوٹرنکہ ہائر سکینڈری سکول میں پہلے سے ہی 700کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں تاہم کالج کے بچوں کیلئے محض دو ہی کمر ے رکھے گئے ہیں جہاں پر ان کو تعلیم فراہم کرنا انتہائی مشکل عمل بن گیا ہے ۔معززین نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ تعمیر اتی ایجنسیوں و ضلع انتظامیہ راجوری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ طلباء کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ تعلیمی اداروں کو مستحکم کرنے میں انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ طلباء کی دقتوں کو کم کرنے کیلئے عمارت کی جلدازجلد تعمیر عمل میں لائی جائے ۔