جموں//سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرمانے کہا ہے کہ صبح تک ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل اِنتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی پُر امن طور اِختتام پذیر ہوئی۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی نے کہا کہ 278نشستوں کے لئے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے تاہم کپواڑہ کے درگمولہ اور بانڈی پورہ میں حاجن ۔اے کے نتائج ابھی آنا باقی ہے ۔ایس ای سی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے سب سے زیادہ ڈی ڈی سی نشستیں 75 پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ دوسرے نمبر پر جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ہے جس نے 67نشستوں پر فتح حاصل کی ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ پی ڈی پی نے 27اورانڈین نیشنل کانگریس ( آئی این سی )نے26نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔اسی طرح نئی تشکیل شدہ جے اینڈ کے اپنی پارٹی نے 12نشستیں جیتی اور جموں کشمیر پیپلز کانفرنس نے 8، سی پی آئی ایم نے 5 اور پیپلز مومنٹ نے 3نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ آزاد اُمیدواروں نے کل 50نشستوں پر اپنی فتح درج کی ۔ انہوں نے کہا کہ پنتھرس پارٹی اور پی ڈی ایف نے دو دو نشستیں جیتی جبکہ کٹھوعہ ضلع میں بی ایس پی نے ایک نشست پر جیت درج کی ۔ایس ای سی نے مزید کہا ہے کہ ڈی ڈی سی278حلقوںکے انتخابات کے لئے 28,55,509 ووٹ ڈالے گئے تھے۔ اُنہوں نے مزیدکہا کہ بی جے پی نے 24.82 فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ این سی نے16.46فیصد،کانگریس نے 13.82 فیصد ، پی ڈی پی3.96 فیصد ، اپنی پارٹی نے5.3 فیصد ، پی سی نے 1.98 فیصد ووٹ حاصل کئے اور باقی ووٹ آزاد اُمیدواروں کو ملے ۔ایس ای سی نے ملازمین ، حفاظتی عملے، پولیس عملے اور صحت عملے کو ووٹوں کی گنتی اِنتخابی عمل میں لگن اور تند ہی سے شامل رہنے کے لئے سراہا۔ الیکشن کمشنر نے کہا کہ درگمولہ کپوارہ اور حاجن اے حلقوں کی ووٹ شماری روک دی گئی ہے کیونکہ دونوں نشستوں پر دو امیدواروں کی اہلیت کے بارے میں کچھ نکات ابھارے گئے ہیں اور اس مسئلے کو تمام پہلوئوں کو ملحوظ نظر رکھ کر حل کیا جائیگا۔
۔278 نشستوں کے نتائج کا حتمی اعلان|گپکار الائنس110اوربھاجپا75پر فاتح
