محمد بشارت
کوٹرنکہ// ضلع راجوری کے زون کوٹرنکہ کے دریڑی علاقہ کی عوام نے محکمہ ایجوکیشن کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ متعلقہ حکام نے گزشتہ 27برسوں سے علاقہ میں قائم کردہ گور نمنٹ پرائمری سکول کی عمارت ہی تعمیر نہیں کروائی جس کی وجہ سے اب والدین سکول سے بچوں کو دیگر سرکاری ونجی سکولوں میں منتقل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مظاہرین نے بتایا کہ دریڑی علاقہ میں عوامی مانگ کے بعد حکام نے 1994میں ایک سرکاری سکول قائم کیا تھا لیکن اس کے بعد آج تک مذکورہ سرکاری سکول کی عمارت ہی تعمیر نہیں کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ سکول کو ایک کچے رہائشی مکان میں قائم کیا گیا تھا لیکن مذکورہ رہائشی مکان کے بوسیدہ ہونے کے بعد مکینوں نے بچوں کو دیگر سکولوں میں منتقل کر دیا اور اب سکول میں صرف 4بچے اور 2ٹیچر تعینات ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ ایجوکشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکولوں میں بچوں کی پڑھائی کیلئے بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں جس کیو جہ سے ان کے بچوں کا مستقبل خراب ہوتاجارہاہے ۔والدین نے بتایا کہ س مکان میں سکول قائم کیا گیاتھا وہ اب منہدم ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا جس کے بعد انہوں نے ڈر کی وجہ سے بچوں کو روک دیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ ان کے بچوں کے مستقبل کیلئے انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے جس کو دیکھ کر اب وہ اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے فکر مند ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پرائمری سکول دریڑی کی عمارت کی تعمیر کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ بچوں کے مستقبل کو بچایا جاسکے ۔