۔26جنوری کی تقریب پر3 ہیلی کاپٹر پھول برسائیں گے

 سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میں کل آفیسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں یوم جمہوریہ 2018 ء کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ وادی میں یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب امرسنگھ کالج سرینگر کے 14کنال اراضی کے میدان میں منعقد ہوگی کیوںکہ بخشی سٹیڈیم میں جاری تجدیدی کام کی وجہ سے یہاں تقریب کاانعقاد ناممکن ہے۔تقریب کے دوران پرچم لہرانے کی رسم انجام دی جائے گی جس کے بعد مارچ پاسٹ اوردیگر پروگراموں کا انعقاد ہوگا۔میٹنگ کے دوران تقریب کے مقام پر اندر اور باہر بجلی اورپانی کی سپلائی ،طبی سہولیات،پارکنگ ،صفائی ستھرائی ،سیٹنگ اورگرمی کے علاوہ پبلک ایڈرس سسٹم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ تین پون ہنس ہیلی کاپٹروں کو تقریب کے مقام پر پھول برسانے کے لئے استعمال میں لایا جائے گا جو کہ ہوائی سروے بھی کریں گے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تقریب کا آغاز شہنائی وادھن سے ہوگا جس کے بعد مہمان خصوصی ترنگا لہرائیں گے اورمارچ پاسٹ پر سلامی بھی لیں گے۔تقریب کے دوران ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش ہوگا۔