۔26جنوری کی آمد پر سیکورٹی سخت

 سرینگر//26جنوری کی آمد سے قبل ہی تلاشیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا ہے جبکہ حساس مقامات اور شاہرائوں پر سیکورٹی کو مزیدمتحرک کیا گیا ہے۔ 26 جنوری قریب آتے وادی میں فورسز کے ساتھ ساتھ فوج کو بھی متحرک کردیا گیا ہے جس دوران نہ صرف سرینگر جموں شاہراہ پر دن رات فوج کی گشت بڑھادی گئی بلکہ اہم شاہراہ پر فورسز نے عارضی چوکیاں قائم کرکے سرینگر کی طرف آنے والی مسافر گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔ 26جنوری کی تقریبات قریب آنے کے ساتھ ہی پورے شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جنوبی اضلاع کولگام،پلوامہ اور شوپیاں میں فوج اور فورسز کو دن رات متحرک رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔عسکریت پسندی کے لحاظ سے انتہائی حساس قرار علاقوں میں شبانہ ناکوں کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد کی حرکات کو سکنات پر بھی کڑی نگاہ رکھی جارہی ہیں۔پلوامہ کے حساس علاقوں کے رابطہ سڑکوں پرشام ہوتے ہی سناٹا چھا جاتاہے جسکی وجہ سے یہاں خوف وہراس کا ماحول ہے۔